6 ستمبر یوم دفاع
6ستمبر ’’یوم دفاع پاکستانـ‘‘ بھارت کو رہتی دنیا تک یاد رہے گا ۔یہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے جب شیر جوانوں نے بہادری سے بھارت کا مقابلہ کیا اور دشمن کو ناکوں چنے چبوائے۔ بعدازاں 27فروری کا سبق بھی ہندوستان کی ائیر فورس کو دیا ۔مگر مکار ہندو اپنی چالوں اور مکر بازیوں سے باز نہیں آیا اور مودی نے 5اگست 2019کو مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو ختم کر دیا۔مقبوضہ وادی میں ایک سال سے زائد عرصہ سے لاک ڈائون کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اسے عالمی قوانین کی فکر ہے اور نہ ہی وہ کسی کی پروا کرتا ہے۔اقوام متحدہ کا اس حوالے سے کردار انتہائی مایوس کن رہا ہے ۔اسکے باوجود میں یہ سمجھتا ہوں کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جاری حالیہ تحریک آزادی کو اپنے تمام ترحیلوںاور حربوں کے باوجود روکنے میں ناکام ہوچکا ہے۔یہی وجہ ہے کہ وہ اب پاکستان کیخلاف جھوٹااور منفی پراپیگنڈہ کررہا ہے۔ ہندوستان اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام بھارت کے ظلم وتشدداور ریاستی دہشتگردی کے خلاف سراپااحتجاج ہیں اور وہ بھارت کے تسلط سے نجات چاہتے ہیں۔ جموں وکشمیر برصغیر کی تقسیم کانامکمل ایجنڈا ہے۔حکومت کی جانب سے دنیا کو یہ با ور کرانے کی ضرورت ہے کہ کشمیر کی آزادی اور اُس کے پاکستان سے الحاق تک ہماری جدوجہدجاری رہے گی۔ہندوستان کوبالآخر کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دینا پڑے گا۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے یہ کبھی بھی بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں رہا۔آج بھی کشمیری عوام پاکستان سے رشتہ کیالاالہ الاللہ کانعرہ لگاتے ہوئے جام شہادت نوش کررہے ہیں۔برھان مظفروانی کی شہادت کے بعد سے تحریک آزادی کشمیر میں تیزی آچکی ہے۔ خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کاحل ازحد ضروری ہے۔ مودی سرکارکے ظلم و بربریت سے سینکڑوں کشمیری بچے بصارت سے محروم ہوچکے ہیں جبکہ 47سکول مکمل تباہ و برباد کردیئے گئے ہیں۔ بھارتی حکومت کشمیر میں اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کیلئے سر دھڑ کی بازی لگارہی ہے۔ 32سو سے زائد کشمیریوں کو ڈومیسائل جاری کیے جاچکے ہیں۔ جس کی وجہ سے ہندو بھی مقبوضہ کشمیر میں زمین خریدنے ، کاروبار چلانے اور ملازمتوں کیلئے اہل تصور ہونگے۔ کشمیر پاکستان کی شہ ر گ ہے۔ اس سے دستبرداری کا مطلب پاکستان کی سا لمیت کو تھالی میں رکھ کر بھارت کے حوالے کرنا ہے۔ ہندوستان میں بھارتی حکومتی مسلسل اقلیتوں اور بالخصوص مسلم آبادی پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔ ہزاروں مسلمانوں کو بے گناہ قتل اور اربوں روپے کی املاک کو نقصان پہنچادیا گیا ہے۔ مگر بد قسمتی سے اقوام متحدہ نے اس حوالے سے شرمناک کردار ادا کیا ہے۔ عالمی دنیا کا بغض کھل کر سامنے آچکا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہندوستان کو اس کی زبان میں ہی جواب دیا جائے۔ بھارت مختلف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے وجود کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔ مودی نے آگ اور خون کا کھیل بھڑکا کر جنوبی ایشیا کا امن تہہ و بالا کردیا ہے۔ خطے میںچودھراہٹ قائم کرنے کی خواہش نے مودی حکومت کو پاگل بنادیا ہے۔ اس کا یہ منصوبہ پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکتا۔ انڈیا ایک دہشتگردریاست ہے جس نے ہمیشہ انتہاپسند ہندوئوں کے ذریعے گجرات فسادات سے لیکر سمجھوتہ ایکسپریس کے واقعات تک مسلمانوں کاقتل عام کیا۔ کشمیری مسلمانوں نے بھارت کے وحشیانہ مظالم کیخلاف بھرپور اور کامیاب تحریک چلاکر ثابت کردیا ہے کہ وہ ہندوستان کے ساتھ رہنا نہیں چاہتے۔ بھارت نے ظلم وتشدد کے تمام ترحربے آزمالیے ہیں۔اس وقت جموں وکشمیر میں کشمیری عوام پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگا کر مستقبل میں پاکستان سے الحاق کاواضح اعلان کررہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنمائوں کی گرفتاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ کشمیری رہنمائوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار اور نظر بند کیا گیا ہے۔حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھانے کیلئے عملی اقدامات کرے۔محض زبانی جمع خرچ سے کام نہیں چلے گا۔ جموں وکشمیر کے مسئلے کے حل کیلئے پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کو پہلے سے زیادہ فعال اور متحرک کرنا پڑیگا۔ہزاروں کشمیریوں کو انٹیروگیشن سینٹرز میں بہیمانہ تشددکانشانہ بنایاجارہا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام اب بھارت کی غلامی سے نجات حاصل کرنے کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور ان شاء اللہ کشمیر سے پاکستان کے الحاق تک یہ تحریک جاری رہے گی۔ بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان میں سرجیکل سٹرائیک کا مسلسل دعویٰ بے بنیاد اور من گھڑت ہے۔ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں اپنی خفت مٹانے کیلئے ایسامنفی اور بلاجواز پراپیگنڈہ کررہا ہے۔بھارتی حکمرانوں کا وطیرہ بن چکا ہے کہ وہ اپنے ملک میں ہونیوالی مزاحمتی تحریکوں سے توجہ ہٹانے کیلئے دہشتگردی کے ہر واقعے کو پاکستان سے جوڑدیتے ہیں۔ آر ایس ایس ایک ہندوانتہا پسند تنظیم ہے جو دہشت گردی کے متعدد واقعات میں براہ راست ملوث رہی ہے۔بھارتی وزیردفاع کی جانب سے سرکاری سطح پر آر ایس ایس کی پشت پناہی کابیان اس بات کاثبوت ہے کہ مودی حکومت دہشتگردوں کی کھلم کھلا مددکررہی ہے۔اقوام متحدہ اور عالمی برادری اس کاسختی سے نوٹس لے۔