جنرل ہسپتال انتظامیہ نے متاثرین سیلاب کیلئے موبائل میڈیکل ٹیمیں تشکیل دیدیں
لاہور(نیوزرپورٹر) سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے احکامات کی روشنی میں لاہور جنرل ہسپتال انتظامیہ نے متاثرین سیلاب کو فوری میڈیکل ریلیف فراہم کرنے کے لئے مرد و خواتین ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈکس پر مشتمل دو موبائل میڈیکل ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ اس سلسلہ میں ڈیوٹی روسٹر بھی جاری کر دیا گیاہے جس پر عمل کرتے ہوئے طبی عملہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالے گا۔ پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ ٹیموں کی خدمات ڈپٹی کمشنر ضلع قصور کے حوالے کی گئی ہیں جو ضرورت کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں، دیہاتوں میں لوگوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لئے اپنی خدمات سر انجام دیں گی جبکہ جنرل ہسپتال انتظامیہ کا رابطہ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی جانب سے قائم کئے گئے فلڈ کنٹرول سنٹر سے بھی رہے گا تاکہ کسی بھی قسم کی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ ایل جی ایچ انتظامیہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے سلسلے میں ہر موقع پر پیش پیش رہی۔