جولائی میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 35 کروڑ 45 لاکھ ڈالر باہر بھجوائے‘ سٹیٹ بنک
لاہور(کامرس رپورٹر )رواں مالی سال کے پہلے مہینے (جولائی ) میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی طرف سے منافع کی مد میں باہر بھجوائے جانے والے ڈالروں میں 157 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ جولائی میں منافع کی مد میں غیر ملکیوں نے پینتیس کروڑ پینتالیس لاکھ ڈالر پاکستان سے باہر بھجوائے۔سٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ سال جولائی سے 21 کروڑ 63 لاکھ ڈالر زیادہ ہیں گزشتہ سال جولائی میں باہر بھجوایا جانے والا منافع 13 کروڑ 82 لاکھ ڈالر تھا، اس سال جولائی میں 34 کروڑ 2 لاکھ ڈالر صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع کی مد میں باہر گئے جبکہ 1 کروڑ 43 لاکھ ڈالر غیر ملکی سرمایہ کاروں نے سٹاک مارکیٹ سے کما کر باہر بھجوائے۔پاکستانی روپے میں منافع کی رقم 59 ارب روپے سے زیادہ بنتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صنعتی شعبے میں سب سے زیادہ 9 کروڑ 91 لاکھ ڈالر کا منافع پاکستان میں خوراک کا کاروبار کرنے والوں کی طرف سے بھجوایا گیا غیر ملکی بینکوں اور مالیاتی اداروں نے 9 کروڑ 88 لاکھ ڈالر اور کمیونیکیشن سیکٹر کے سرمایہ کاروں نے 6 کروڑ 12 لاکھ ڈالر باہر بھجوائے۔رپورٹ کے مطابق جولائی میں 17 کروڑ 97 لاکھ ڈالر منافع برطانیہ بھیجوایا گیا۔ امریکا بھیجے گئے منافع کا حجم 5 کروڑ 33 لاکھ ڈالر تھا جبکہ یورپ کے جزیرے مالٹا میں 4 کروڑ 71 لاکھ ڈالر بھجوائے گئے۔ چین کو بھیجے گئے منافع کا حجم ایک کروڑ 4 لاکھ ڈالر رہا۔