اسلام آباد: شہداء اورغازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے آج یوم دفاع اورشہداء اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا جارہاہے۔
یوم دفاع اورشہداء یوم یکجہتی کشمیر کے طورپربھی منایاجارہاہے جس کامقصد مظلوم کشمیریو ں کے ساتھ پاکستانی عوام کی حمایت کااعادہ کرناہے جو ایک ماہ سے زائدعرصے سے سخت محاصرے میں ہیں۔
نمازفجر کے بعدملک کی ترقی او خوشحالی اوربھارت کے ظالمانہ تسلط سے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جارہی ہیں۔ شہداء کے لئے فاتحہ اورقرآن خوانی بھی کی جائے گی۔ وفاقی دارالحکومت میں دن کاآغاز31اورصوبائی دارالحکومتوں میں21،21توپوں کی سلامی سے ہوا۔
شہداء کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے دن کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرراولپنڈی میں ہوگی۔‘ جس میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ خطاب کر یں گے ۔ پاکستان کی سول ملٹری قیادت کے فیصلے کے مطابق یوم دفاع پاکستان کو مقبوضہ جموں کشمیر کے مظلوم عوام پر ہونے والے ظلم و ستم اور کشمیر کی صورتحال کے تناظر میں ”کشمیر بنے گا پاکستان“ کے لوگو کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
وزیراعظم عمران خان آج آزادکشمیر جائیں گے جہاں وہ کشمیری شہداء کی یاد میں تقریب سے خطاب کریں گے ۔ ملک بھرمیں یوم دفاع کےموقع پروطن عزیز کے تحفظ کےلئے مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جائے گا ۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق آج تین بجے سہ پہر ملک بھرمیں تمام دفاتربندکردیئے جائیں گے اورکشمیری عوام سے اظہاریکجہتی کیاجائے گا۔