بھریاروڈ، ریلوے ٹریک کو بم سے اڑانے کی کوشش
بھریاروڈ(نامہ نگار) بھریاروڈ اور لاکھا روڈ ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان بند ریلوے اسٹیشن غلام آباد ریلوے اسٹیشن کے قریب موڑ پر کلو میٹر نمبر 375 اپ ٹریک پر نامعلوم افراد نے زوردار دھماکہ کر کے ریلوے ٹریک کو اڑانے کی کوشش کی۔ تاہم پٹڑی میں سوراخ ہو گیا ہے۔ زوردار دھماکے کی آواز سن کر آس پاس کے دیہاتی جائے وقوع پر پہنچے اطلاع پر رینجرز پولیس بھریاروڈ اور لاکھا روڈ تھانوں کی پولیس بھی جائے وقوع پر پہنچ گئی ۔ پولیس انتظامیہ ملزمان کا سراغ لگانے کیلئے تفتیش کر رہی ہے۔ تاہم فوری طور پر کسی بھی ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس کے سبب علاقے کے لوگوں میں زبردست خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دھماکے سے دس منٹ قبل مذکورہ اسٹیشن سے پاکستان ایکسپریس گزری تھی۔ تاہم معجزانہ طور پر ٹرین ایک بڑے حادثے سے محفوظ رہی۔