نوازشریف کا عدالت پیشی کے موقع پر لیگی راہنماؤں کے ساتھ لنچ
اسلام آباد (چوہدری شاہد اجمل)اڈیالہ جیل میں قید کے بعد سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف دسویں بار اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے ہیں،عدالت میں وقفے کے دوران میاں نواز شریف نے فاسٹ فوڈ کھانے کی خواہش کا اظہار کیا ۔ان کی اس خواہش کی تکمیل کیلئے مسلم لیگ(ن) کے رہنماء سینیٹر چوہدری تنویر نے فش برگر اور جوس منگوایا اور وقفے کے دوران نواز شریف کو جوس اور فش بر گر پیش کیاگیا جسے نواز شریف نے رغبت سے کھا یا۔اس موقع پر موجود جاوید ہاشمی ، ملک ابرار،عرفان صدیقی ، مشاہد اللہ خان، بیرسٹر ظفر اللہ اور چوہدری تنویر نے بھی ان کے ساتھ لنچ کیا ۔سابق رکن قومی اسمبلی مسرت احمد زیب کی طرف سے سابق وزیراعظم نوازشریف کے لیے تسبیح کا تحفہ بھجوایا گیا،مسرت احمد زیب کے بیٹے میاں گل عمر فاروق نے نوازشریف کو کمرہ عدالت میں تسبیح پیش کی،تسبیح کے ساتھ میاں گل نے ایک تحریر بھی میاں نواز شریف کو دی،نوازشریف نے تحریر پڑھنے کے بعد میاں گل عمر فاروق کو شکریہ کہا،عدالت میں سماعت کے دوران’’تبدیلی‘‘ کا بھی تذکرہ ہوتا رہا ،دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہو ئی جب خواجہ حارث نے کہا کہ ہم کہتے ہیں بیان میں تبدیلی کی گئی اور یہ کہتے ہیں کہ درستگی،جس پر جج احتساب عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ’’تبدیلی ‘‘اِن دنوں ویسے بھی ایک نعرہ ہے۔خواجہ حارث نے کہا کہ ہم بھی یہی کہہ رہے ہیں کہ تبدیلی آگئی ہے جس پر عدالت میں قہقہے گونج اٹھے۔سابق وزیراعظم کے قافلے میں جیمر، پنجاب پولیس ،اسلام آباد پولیس سی ٹی ایف ،رینجرز جیمرز اے پی وی ملا کر بیس گاڑیاں موجود ہیں، سخت سیکیورٹی میں نوازشریف کا قافلہ جیل کے کالونی گیٹ سے نکالا گیا۔س موقع پر مسلم لیگ (ن)کے رہنما اور کارکن اپنے قائد سے اظہار یکجہتی کیلئے جوڈیشل کمپلیکس کے سامنے موجود ہیں، کارکنوں نے نوازشریف کی تصویر والے پوسٹرز اور بینرز اٹھا رکھے ہیں۔