این اے 78‘ مبینہ دھاندلی سے متعلق ابرارالحق کی درخواست پر احسن اقبال کو نوٹس جاری
اسلام آباد( خصوصی نمائندہ ) الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے 78 میں مبینہ دھاندلی سے متعلق ابرار الحق کی درخواست پر احسن اقبال کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 19ستمبر تک ملتوی کردی۔ الیکشن کمیشن میں حلقہ این اے 78اور پی پی 50میں مبینہ دھاندلی سے متعلق درخواست پر ممبر سندھ عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی ، درخواست گزار ابرار الحق اور محمد سجاد کے وکیل الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے ۔ درخواست گزار ابرار الحق خود بھی الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے ، سماعت کے دوران ممبر خیبر پختونخوا نے استفسار کیا کہ حلقے سے جیتنے والا امیدوار کون ہے ، جس پر وکیل نے جواب دیا کہ این اے 78سے احسن اقبال جیتے ہیں جبکہ پی پی 50سے وسیم جیتے ہیں ،ممبر خیبر پختونخوا نے استفسار کیا کہ این اے میں بھی عثمان ریٹرننگ افسر ہیں اور پی پی میںبھی عثمان ریٹرننگ افسر ہیں ، جس پر وکیل نے جواب دیا کہ دونوں ایک نہیں ہیں ان کے نام ایک جیسے ہیں، الیکشن کمیشن نے احسن اقبال اور وسیم کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 19ستمبر تک ملتوی کر دی ۔