کے پی ٹی یوم دفاع کپ فٹبال ٹورنامنٹ کی فائنل لائن اپ مکمل
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر)کے پی ٹی یوم دفاع کپ فٹبال ٹورنامنٹ کی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی۔ کراچی یونائیٹڈ اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیموں نے فائنل میں جگہ بنالی۔ٹرافی کے لئے دونوں ٹیمیں آج مد مقابل ہونگی۔سیمی فائنل میں کراچی یونائیٹڈ نے میزبان ٹیم کراچی پورٹ ٹرسٹ کو پنالٹی ککس پر 5-4سے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پورٹ قاسم اتھارٹی کی ٹیم کو 2-0سے قابو کیا۔کے پی ٹی فٹبال اسٹیڈیم میں کراچی یونائیٹڈ نے میزبان ٹیم کراچی پورٹ ٹرسٹ کو مقررہ وقت میں مقابلہ ایک ایک گول سے برابر ہونے کے بعد پنالٹی ککس پر 5-4سے ہرا دیا۔پہلے ہاف کے ا ختتام پر کوئی بھی ٹیم کوئی گول اسکور کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ دوسرے ہاف کے آغاز میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کی جانب سے محمد نے گول بناکر اپنی ٹیم کوبرتری دلادی۔کھیل کے اختتامی لمحات میںکراچی یونائیٹڈ کی جانب سے فضل نے گیند کو جال میں پہنچاکر مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کردیا۔ پنالٹی ککس کے مرحلہ میں کراچی یونائیٹڈ نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کو 5-4سے شکست دی۔دوسرے سیمی فائنل میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کوپورٹ قاسم اتھارٹی کے خلاف سخت مزاحمت کرنا پڑی۔ دوسرے سیمی فائنل کا آغاز بھی تیز رفتاری سے ہوا ۔44 ویں منٹ میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے بلال ماٹا نے گول بناکر اپنی ٹیم کو سبقت دلادی۔ دوسرے ہاف میں پورٹ قاسم اتھارٹی نے گول برابر کرنے کے لئے نصف درجن گول کے حملے کئے لیکن سول ایوی ایشن اتھارٹی کے گول کیپر کی عمدہ کارکردگی کے سامنے پورٹ قاسم کے فاروڈ زناکام نظر آئے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے میچ کا دوسرا گول51 ویں منٹ میں وحید نے بناکر اپنی ٹیم کی برتری کو2-0 سے دگنا کردیا۔اس کامیابی کے ساتھ فائنل کا ٹکٹ کٹوالیا۔