جنگلی حیات بارے پہلی قومی پالیسی ماہ رواں میں کابینہ میں پیش کی جائے گی
اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز)موسمیاتی تبدیلی بارے وزیراعظم کے مشیر ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ وائلڈ لائف بارے نیشنل پالیسی کا مسودہ منظوری کے لئے اسی ماہ کے اندر اندر وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا ۔ انہوںّنے یہ بات یہاں بدھ کو وزارت موسمیاتی تبدیلی میں جنگلی حیات اور جنگلات کے محکموں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری حضرحیات خان اور جنگلی حیات و محکمہ جنگلات کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی ۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ جنگلی حیات کی آماجگا ہوں کو خاطر خواہ تحفظ کی فراہمی وقت کا اشد تقاضا ہے ۔ انہوںنے جنگلی حیات کے محکمہ پر زور دیا کہ پالیسی دستاویز بارے قومی مشاورت جلد از جلد مکمل کی جائے تاکہ یہ کابینہ کو جلد از جلد بھجوا یا جا سکے۔ملک امین اسلم نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار اور تجارت کو ذرہ برابر بھی برداشت نہ کرنے کی پالیسی اپنائی جائے گی ۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ قیمتی جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے تمام ممکن کوششیں کریں۔ملک امین اسلم نے کہاکہ سردیوں کا موسم آتے ہی ساحلی علاقوں میں پرندوں کی ہجرت شروع ہو جاتی ہے ۔ ہجرت کرنے والے ان پرندوں کرینز کوئلز ، فالکنز اور دیگر پرندوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل وائلڈ لائف پالیسی بھی ان اہم سنگ میلوں میںشامل ہے جن کو عمران خان نے پہلے 100دنوں میں پور ا کرنے کا وعدہ کیا ہے۔