پسند کی شادی کرنیوالے جوڑے کے لواحقین میں تصادم، سیشن کورٹ احاطہ میدان جنگ بن گیا
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے رشتہ داروں میں لڑائی کی وجہ سے سیشن کورٹ کا احاطہ میدان جنگ بن گیا، مارکٹائی کے باعث 4افراد زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا کہ پسند کی شادی کرنے والا دولہا شوکت علی ایڈیشنل سیشن جج اظہر اقبال رانجھا کی عدالت میں جانے لگا تو دلہن کے رشتہ داروں نے عدالت کے باہر اسے گھیر لیا جس پر فریقین میںمار پیٹ شروع ہو گئی۔ لڑکی کے رشتہ داروں نے احاطہ عدالت میں ہی لڑکے کی دھلائی کر ڈالی۔ دلہن اقرا کے والدین نے دولہا شوکت کیخلاف لڑائی جھگڑے کا مقدمہ درج کروایا جس پر وہ ضمانت کرانے عدالت پہنچا تو لڑکی کے لواحقین نے شوکت سمیت اسکے دیگر ساتھیوں کو پکڑ لیا۔ دونوںگروپوں کے افراد نے ایک دوسرے پر گھونسوں کی بارش کر ڈالی تصادم کا یہ سلسلہ پندرہ سے بیس منٹ تک جاری رہا ۔ جبکہ پولیس نے دونوںگروپوں کے افراد حراست میں لیکر تھانہ اسلام پورہ بند کردیا۔ تصادم کے نتیجے میں 4 افراد شدید زخمی ہو گئے۔