انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے فوری پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے: پی پی جنوبی پنجاب
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود، سنیئر نائب صدر پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب و سابق میڈیا کوآرڈینیٹر وزیراعظم پاکستان خواجہ رضوان عالم اور ممبر فیڈرل کونسل عبدالقادر شاہین نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان مشکل وقت اور متنازعہ الیکشن سے گزر کر نکلا ہے الیکشن کا متنازعہ ہونا صرف آر ٹی ایس تک محدود نہیں پولنگ ایجنٹوں کو نکالنے اور سیکورٹی کی عدم فراہمی سمیت کئی مسائل ہیں جن پر تفصیل سے پارلیمینٹ کے اندر بات ہونی چاہئیے ہم ابھی تک اس الیکشن سے سمجھوتہ نہیں کر پائے یہ کڑے امتحان کی گھڑی ہے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے فوری پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے ۔تمام فارم 45 کا فارنزک آڈٹ کرا کر اسے الیکشن کی ویب سائٹ پر لوڈ کیا جائے اور آر ٹی ایس کی ناکامی کی تحقیقات کروائی جائیں مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے نادرا پر یہ الزام لگانے کے بعد کہ اس نے آر ٹی ایس میں دخل اندازی کی اور نادرا نے اسے جھٹلاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آر ٹی ایس کا فارنزک آڈٹ کروایا جائے کے بعد ایک نئی صورتحال نے جنم لے لیا ہے اور اس سے نمٹنے احتراز کرنیکی صورت میں بحران شدید نوعیت اختیار کر جائیگا ۔انہوں نے مزید کہا کہ قومی مفاد پر سمجھوتہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا دھاندلی کیخلاف آواز اٹھانا ہمارا حق ہے آج ہر جماعت کو اپنے مفادات سے بالاتر ہوکر پاکستان اور جمہوریت کے مفاد میں سوچنا ہوگا پیپلزپارٹی نے جمہوریت کیلئے لازوال قربانیاں دیں آئندہ بھی جمہوریت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیگی۔