نوازشریف کا عدالت پیشی کے موقع پر لیگی رہنماﺅں کے ساتھ لنچ‘فاسٹ فود کھانے کی خواہش کے اظہار پر چوہدری تنویر نے فش برگر اور جوس منگوایا
اسلام آباد (چوہدری شاہد اجمل) اڈیالہ جیل میں قید کے بعد سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف دسویں بار اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے ہیں، عدالت میں وقفے کے دوران میاں نواز شریف نے فاسٹ فوڈ کھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ ان کی اس خواہش کی تکمیل کیلئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر چوہدری تنویر نے فش برگر اور جوس منگوایا اور وقفے کے دوران نواز شریف کو جوس اور فش برگر پیش کیا گیا جسے نواز شریف نے رغبت سے کھایا۔ اس موقع پر موجود جاوید ہاشمی، ملک ابرار، عرفان صدیقی، مشاہد اللہ خان، بیرسٹر ظفر اللہ اور چوہدری تنویر نے بھی ان کے ساتھ لنچ کیا۔ سابق رکن قومی اسمبلی مسرت احمد زیب کی طرف سے سابق وزیراعظم نوازشریف کے لیے تسبیح کا تحفہ بھجوایا گیا، مسرت احمد زیب کے بیٹے میاں گل عمر فاروق نے نوازشریف کو کمرہ عدالت میں تسبیح پیش کی، تسبیح کے ساتھ میاں گل نے ایک تحریر بھی میاں نواز شریف کو دی، نوازشریف نے تحریر پڑھنے کے بعد میاں گل عمر فاروق کو شکریہ کہا۔ سابق وزیراعظم کے قافلے میں جیمر، پنجاب پولیس، اسلام آباد پولیس، سی ٹی ایف، رینجرز جیمرز اے پی وی ملا کر بیس گاڑیاں موجود ہیں، سخت سکیورٹی میں نوازشریف کا قافلہ جیل کے کالونی گیٹ سے نکالا گیا۔
نوازشریف/ پیشی