بھارت ہر روپ میں ہمارا دشمن‘ دو قومی نظریہ پاکستان کے استحکام کی ضمانت ہے: حمید رضا
ملتان(خبرنگار خصوصی) نظریہ پاکستان فورم ضلع ملتان اور نظریہ پاکستان سوسائٹی پائلٹ سیکنڈری سکول ملتان کے زیراہتمام ’’یوم دفاع پاکستان کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حمید رضا صدیقی نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو نظریات کی بنیاد پر قائم ہوا۔ ستمبر 65ء کی جنگ غیر متوقع تھی عوام نے جذبہ جہاد کا ہندو مکار کے خلاف بھرپور اظہار کیا انہوں نے کہا کہ دشمن اپنی شکست کا زخم آج تک چاٹ رہا ہے ہمیں دشمن کی سازشوں سے ہوشیار رہنا چاہیے انہوں نے کہا کہ بھارت ہر روپ میں ہمارا دشمن ہے دو قومی نظریہ ہی پاکستان کے استحکام کی ضمانت ہے۔ پروفیسر نصرت محمود خان نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء کی جنگ غزوہ بدر کی یاد تازہ کرتی ہے ویسی ہی بھارت کو بے مثال شکست سے دوچار کیا، رانا محمد اسلم ساغر نے کہا کہ دنیا میںٹینکوں کا سب سے بڑا قبرستان چونڈہ میں ہندو کی پسپائی کا ثبوت دے رہا ہے ، پلواڑہ اور پٹھان کوٹ بھی بھارتی ہزیمت کا منہ بولتا ثبوت ہیں دفاع کی جنگ طلباء اور طالبات نے پوری قوت سے لڑی، اساتذہ نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا، بابو نفیس احمد انصاری نے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کی مسلح افواج نے یوم شہداء منانے کا اعلان کیا جو خوش آئند ہیں تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور طلباء نے دفاع پاکستان کیلئے شاندار کردار ادا کیا پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت تمام اداروں نے نظریات کی بنیاد پر کی جہانگیر انصاری نے کہا کہ پاکستان میں تخریب کاری اور دہشت گردی کا تسلسل بھی 1965ء کی جنگ ہی ہے پاکستان کو مٹانے کیلئے دشمن ہر غلیظ حربہ استعمال کر رہا ہے۔ ملی نغمات قلب عباس، محمد معظم،اقراء رباب نے پیش کئے محمد جلال اور رانا دلشاد علی نے کہا کہ پاکستان مخصوص اسلامی نظریہ کے تحت وجود میں آیا اور اس کے استحکام کیلئے نظریہ پاکستان کو بھی مضبوط رکھنے کی ضرورت ہے نقابت کے فرائض راجا کوثر سعیدی نے انجام دیئے ۔ اس موقع پر پروفیسر ماجد وٹو، عمر کمبوہ، اویس شہزاد، فہیم عباس، راجہ کوثر سعیدی نے بھی خطاب کیا۔