گیس کے زائد بل بھیجنے پر مظفر گڑھ ‘کوٹ ادو ‘خانگڑھ کے صارفین سراپا احتجاج
خان گڑھ(نمائندہ نوائے وقت) سوئی ناردرن گیس کمپنی لمٹیڈ ملتان نے گیس صارفین کو رواں ماہ میں جرمانوں کے بل بھجوا دئیے.جس پر شہری سراپا احتجاج بن گئے. گیس حکام نے مظفرگڑھ, کوٹ ادو, خان گڑھ اور دیگر علاقوں کے صارفین کے پرانے گیس میٹرز اتارے. جن کو بعد ازاں از خود سٹیکی, خراب قرار دے کر ہزاروں روپے کے, بلاجواز, اور غیرقانونی جرمانے عائد کر دئیے. اور اب انکی وصولی بھی بلوں کے ذریعے شروع کردی. رواں ماہ کے بل ہزاروں روپے کے آنے پر شہری اور صارفین پریشان ہو گئے. صارفین کی اکثریت بل لے کر گیس آفس پہنچ گئی. اور اس زیادتی پر احتجاج کیا. صدر مجلس شہریان رانا امجد علی امجد ایڈووکیٹ نے گیس حکام کی اس ناجائز بلنگ اور جرمانے لگا کر عوام سے لوٹ مار کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایس این جی پی ایل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ عوام پہلے واپڈا گردی کا شکار تھے اور اب گیس گردی بھی شروع ہو چکی ہے. سرکاری ادارے شہریوں کو لوٹ رہے ہیں اور حکومت اس کا کوئی نوٹس نہیں لے رہی۔