میٹرو اتھارٹی عوام کو بس سروس کی جانب راغب کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کرے: کمشنر
ملتان (خبر نگار خصوصی) کمشنر ملتان ڈویژن ندیم ارشاد کیانی نے کہا ہے میٹرو اتھارٹی عوام کو بس سروس کی جانب راغب کرنے کے لئے موثر اقدامات کرے۔ فیڈربس سروس کو مزید فعال کرنے کے لئے باقاعدہ ریسرچ کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔ ٹریفک دبائو کو کم کرنے کے لئے عوام کو اربن ٹرانسپورٹ کی جانب راغب کرنا ناگزیر ہے مگر ساتھ ساتھ عوامی ردعمل اور ان کی شکایات کاسدباب کرنا بھی ضروری ہے۔ اس سلسلے میں مسافروں کو مستفید کرنے کے لئے روٹس کی تبدیلی کا جامع پلان بھی تیار کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان ڈویژن ندیم ارشاد کیانی نے میٹرو بس اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔کمشنر ملتان نے کہا کہ میٹرو بس منصوبے شہر کے ٹرانسپورٹ کلچر کو تبدیل کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ میٹرو بسوں کو شہریوں کی استعداد میں لانے کے لئے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ کمانڈاینڈ کنٹرول سنٹرمیں ٹریفک پولیس اور ریسکیو1122کا نمائندہ بھی بٹھایاجاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیڈربس کے بس سٹاپ بنانے اور روٹس پر کیمرے لگانے کی ضرورت ہے ۔ روٹس پر کیمرے لگانے سے سٹریٹ کرائم کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نوید احمد اور منیجر فیڈر بس سروس محمد شہباز بھی موجود تھے۔ دریں اثناء کمشنر ملتان ڈویژن ندیم ارشاد کیانی نے گزشتہ روزڈپٹی کمشنر مدثرریاض ملک کے ہمراہ شہر میں صفائی کی صورت حال کا معائنہ کرنے کے لئے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا۔کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے بوسن روڈ اور ملحقہ یونین کونسل67کی گلیوں میں جا کر اپنی نگرانی میں صفائی کرائی اور کوڑے کے ڈھیر اٹھوائے۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر انوارالحق اور ضلعی حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔کمشنر ملتان ندیم ارشاد کیانی نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے شہر میں صفائی آپریشن کا بھرپور انداز میں آغازکردیا ہے۔ اب شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو خشک اور صاف ستھرا رکھیں اور کوڑا سڑکوں پر پھینکنے کی بجائے نزدیکی کوڑادانوں میں ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہدایت کی ہے کہ چھوٹے کنٹینرز بنوا کر گلی محلوں میں رکھے جائیں تاکہ شہری کوڑاکرکٹ باآسانی اکٹھا کر کے اس میں ڈال سکیں۔ندیم ارشاد کیانی نے مزید کہا کہ گنجان آباد آبادیوں میں زیادہ عملہ صفائی تعینات کر کے مشینری بھی ہر یونین کونسلز میں روزانہ آپریشن کر کے کنٹینر اٹھا کر شہر سے باہر گندگی کو پھینکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی استعداد کار بڑھانے کے لئے مزید عملہ صفائی بھرتی کر کے مشینری بھی خریدی جارہی ہے۔قبل ازیں کمشنر ملتان مختلف دکانات اور گھروں میں گئے اور شہریوں سے عملہ صفائی کی آمد کے حوالے سے سولات کئے اور متعدد شہریوں کو شکایات کرنے کے لئے اپنا ذاتی نمبر بھی دیا۔ دریںاثناء ڈپٹی کمشنر ملتان مدثرریاض ملک نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی حدود میں آنے والی 68یونین کونسلز میں سے ابتدائی طور پر 10یونین کونسلوں میں صفائی کے لئے نجی کمپنی کو ٹھیکہ دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ صفائی کا نظام بہتر کیا جاسکے۔