حساس ادارے کا چھاپہ‘ ضمنی انتخابات میں ٹکٹ کیلئے پیسے لینے پر 3 افراد گرفتار
اسلام آباد(نوائے وقت نیوز) ضمنی انتخابات کے لیے ٹکٹ دلوانے کے نام پر پیسوں کی لین دین کے موقع پرحساس ادارے نے چھاپہ مار دیا۔ کارروائی میں 3 ملزمان گرفتار کرلیے گئے۔تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخابات میں ٹکٹ کے عوض پیسے لینے کا بھانڈا حساس ادارے کے چھاپے نے پھوڑ دیا۔ حلقہ پی پی 20 راولپنڈی 15 میں ٹکٹ کے عوض پیسے لیے جارہے تھے جب حساس ادارے نے چھاپہ مارا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چھاپے کے وقت اہم حکومتی شخصیت کارشتہ دار بھی موقع پر موجود تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹکٹ کے ساتھ بیورو کریسی کے تبادلوں کے لیے بھی پیسے لیے جا رہے تھے۔پولیس نے بتایا کہ جواد نامی شخص اہم حکومتی وزیر کے رشتہ دار کے ذریعے کام کر رہا تھا۔ حکومتی شخصیت کے رشتہ دار سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔ٹکٹ دلوانے کے نام پر ڈھائی کروڑ کا تقاضہ کرنے والے 3 ملزم گرفتار ہوئے۔ ملزمان کے خلاف تھانہ شالیمار میں فراڈ اور دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔