ملتان میں گیس کی 16 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ‘ شہریوں کا احتجاج
ملتان (سماجی رپورٹر) شہر اور نواحی علاقوں میں شدید گرمی کے باوجود 12 سے 16 گھنٹوں کی گیس لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے شہری گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔ سوئی گیس حکام نے بھی گیس لوڈشیڈنگ کی کوئی وجہ نہیں بتائی جبکہ گیس ملنے کے اوقات میں بھی لو پریشر کا مسئلہ سر اٹھانے لگا ہے۔ شہریوں نے گیس لوڈشیڈنگ کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیل کے مطابق محکمہ سوئی گیس نے شہر اور نواحی علاقوں ایم ڈی اے چوک‘ گلشن مہر کالونی‘ ممتاز آباد‘ دہلی گیٹ سورج میانی سمیت شہر بھر میں 12 سے 16 گھنٹوں کی گیس لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا ہے ان خیالات کا اظہار عبدالرحمن اور محمد جمیل نے نوائے وقت موبائل فورم میں کیا انہوں نے کہا کہ گیس کی مسلسل 12 سے 16 گھنٹے لوڈشیڈنگ سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ گیس کی فراہمی کے اوقات میں بھی کم پریشر کے باعث کھانا تیار کرنا بھی مشکل ہوتا ہے مصطفے اور اویس مشتاق نے کہا کہ حکومت نے تبدیلی کے پرمٹ لئے مگر شہریوں کی سہولیات کی فراہمی نظر نہیں آ رہی سوئی گیس کی فراہمی بنیادی ضروریات میں سے ایک ہے جس کے بغیر کھانا پکانا مشکل ہو جاتا ہے حکومت کو چاہئے کہ وہ عوام کی ان بنیادی مسائل اور ضروریات پر توجہ دے۔ محمد قیوم ‘ مبشر علی اور عمار حسن نے کہا کہ صبح کے اوقات میں کم پریشر کے باعث ناشتہ تیار کرنے میں کافی دقت پیش آتی ہے جس سے دفاتر اور سکول کالج جانیوالے طلباء و طالبات اور ملازمین اذیت میں مبتلا ہیں اس ضمن میں حکام سے رابطہ کیا گیا تو وہ گیس لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کی وجوہات کا کوئی مثبت جواب نہ دے سکے۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ گیس لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کے لئے فوری اقدام کریں۔