زکریا یونیورسٹی میں طلباء تنظیموں کی گستاخانہ خاکوں کیخلاف ریلیاں
ملتان (نمائندہ نوائے وقت)زکریا یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ اور پی ایس ایف کے زیر اہتمام گستاخانہ خاکوں کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں ، بتایا گیا ہے کہ اسلامی جمعیت پاکستان کے زیر اہتمام جاری عشق مصطفی مہم کے سلسلے میں عشق مصطفی ریلی نکالی گئی ۔ناظم جامعہ حسنین کھوکھر نے ریلی کی قیادت کی۔اس موقع پر طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ریلی مین کیفے سے شروع ہو کر مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے جعفر کینٹین پر اختتام پذیر ہوئی۔اس موقع پر ناظم جامعہ حسنین کھوکھر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی پاک کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں۔یونیورسٹی انتظامیہ یونیورسٹی اور طلبہ کی جانب سے احتجاجی مراسلہ حکومت کو ارسال کرے جبکہ پی ایس ایف کی ریلی گیلانی لا کالج سے شروع ہوکر ایڈمن بلاک کے سامنے اختتام پذیر ہوئی جس کی قیادت رانا نوید نے کی ،مقررین کا کہنا تھا کہ حکومت مغرب کی طرف سے بار بار ہونے والی اس گستاخی کو روکنے کیلئے سفارتی مشن تیار کرے جو مستقبل میں ایسی حرکتوں کی روک تھام کرسکے۔