مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے
مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا. تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل عمران خالد تھے. پریڈ میں چھے خواتین سمیت اٹھانوے کیڈٹس شامل تھے، پریڈ میں پاکستان ایئرفورس اکیڈمی رسالپور کے چاق وچوبند دستے نے حصہ لیا.
پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کی ڈیوٹی کا چارج سنبھال لیا، رسالپور اکیڈمی کے ایوی ایشن کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے چارج لیا، ائیر وائس مارشل عمران خالد نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی.
ایئروائس مارشل عمران خالد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن یوم فتح ہے، انیس سو پینسٹھ میں دشمن نے رات کے اندھیرے میں اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کی جو پاکستانی عوام اور مسلح افواج نے خاک میں ملادیئے. انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی کسی دشمن نے پاک وطن کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی تو پاک فضائیہ اسے منہ توڑ جواب دے گی. پاکستان ایئرفورس ہر کڑے وقت میں قوم کے ساتھ ہے اور ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے.
مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب میں اسکول، کالجز کے طلباء اور ان کے والدین نے بھی شرکت کی.