چھ ستمبر کا دن اتحاد اور یکجہتی کا درس دیتا اور خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمارے عزم کو مستحکم کرتا ہے۔ صدر مملکت
یوم دفاع پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ چھ ستمبر کا دن اتحاد اور یکجہتی کا درس دیتا اور خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمارے عزم کو مستحکم کرتا ہے۔ اس دن ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے فوج کے ساتھ مل کر جارحیت کا مقابلہ کیا تھا۔ صدر آصف زرداری نے کہا کہ آج دہشت گردی ، عسکریت پسندی اور فرقہ واریت کی قوتوں نے قوم کی سلامتی کے لیے شدید خطرات پیدا کردیے ہیں۔ قومی اتحاد کی ضرورت آج پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہمیں عہد کرنا ہے کہ ہم ایک معتدل، متحمل اور پرامن قوم کے طور پر کسی کو اپنی سلامتی کو نقصان پہنچانے نہیں دیں گے۔ پاکستان کو ایسا ملک بنائیں گے جہاں اپنی پسند کا اظہار ووٹ کے ذریعے کیا جائے۔ آج یہ عہد بھی کرنے کا دن ہے کہ نئے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے انیس سو پینسٹھ کے جذبے کا اظہار کریں گے اور عظیم شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کسی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہییں رکھتا، نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الہیٰ اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین اور وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے اپنے اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ اس وقت ملک کو بیرونی سے زیادہ اندرونی خطرات کا سامنا ہے اورپاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمپٹنے کیلئے قوم کو اسی اتحاد اور جذبے کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ اس نے ستمبر انیس سو پینسٹھ کی جنگ میں کیا تھا۔