لاہور (نیوز ڈیسک) شریانوں کی بندش سے دل کے بڑھتے ہوئے امراض کی سب سے بڑی وجہ غلط خوراک کا استعمال ہے۔ امریکی جریدے ٹائم کی ایک تحقیقی رپورٹ کے مطابق اس وقت امریکہ اور دنیا کے دیگر ملکوں میں جس غذا کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس سے بہت صحتمند نسل تیار نہیں ہورہی بلکہ موٹاپے، دل کے امراض اور ذیابیطس کے مرض کے وبائی شکل میں پھیلنے سے ہماری نسلیں تنزلی کا شکار ہیں۔ جریدے کے مطابق امریکہ میں دوتہائی سے زیادہ بالغ افراد اور ایک تہائی سے زائد بچے زائد وزن اور موٹاپے کا شکار ہیں۔ جریدے کی رپورٹ کے مطابق مسئلہ یہ ہے کہ لوگ نہیں چاہتے کہ اچھی خوراک کھائیں اور صحتمند رہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایک وقت تھا جب انڈوں، چاکلیٹ، مکمل دودھ اور کافی کو صحت کیلئے غیرمفید قرار دیا گیا تھا لیکن نئی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ ان اشیاءکا معتدل طریقے سے استعمال صحت کیلئے بے حد مفید ہے۔ رپورٹ کے مطابق چکنائی کو بھی غیرمفید سمجھا جاتا رہا ہے اور اس سے دور رہنے کی تلقین کی جاتی رہی ہے لیکن اب پتہ چلا ہے کہ اسکی معتدل مقدار صحت کیلئے بہت ضروری ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اچھی خوراک وہ ہے جس سے جسم کی تمام غذائی ضرورتیں پوری ہوں اور جو موٹاپا پیدا نہ کرے۔ ان میں سبزیاں، دالیں، انڈے، سفید گوشت، دودھ پھل اور خشک میوہ جات شامل کئے جاسکتے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اچھی متوازن خوراک کے ساتھ باقاعدگی کے ساتھ ورزش بھی بہت ضروری ہے۔ ایک بالغ فرد کو روزانہ 20 منٹ یا ایک ہفتے میں کم سے کم 150 منٹ تک ضرور ورزش کرنی چاہئے تاکہ وزن کو کنٹرول میں رکھا جاسکے۔
ٹائم/ خوراک
ٹائم/ خوراک