غیرقانونی تارکین کیخلاف آپریشن، 620 گرفتار، مزید 9 ہزار واپس لوٹ گئے
کوئٹہ‘ اسلام آباد (آئی ا ین پی‘ این این آئی ) بلوچستان کے ضلع کوئٹہ میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف آپریشن کیا گیا جس میں مختلف علاقوں سے620 افراد گرفتار کرلیے گئے۔ پولیس کے مطابق سٹی ڈویژن سے 116، قائد آباد ڈویژن سے 62 ، صدر ڈویژن سے 323 اور سریاب ڈویژن سے 119 افغان باشندے گرفتار کیے گئے ہیں۔ کوئٹہ سے گرفتار ہونے والے تمام غیرملکی تارکین وطن کو ملک بدر کرنے کے لئے چمن روانہ کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد چمن سے 477خاندانوں کے 5246 افراد کو افغانستان بھیج دیاگیا۔ واپس جانے والوں میں 1717مرد، 1367خواتین اور 2162بچے شامل ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں طورخم کے راستے 9 ہزار سے زائد مزید غیر ملکی وطن واپس لوٹ گئے۔ 3نومبر کو بھی غیر قانونی طور پر مقیم 12 ہزار 540 غیر قانونی افغان باشندے اپنے ملک لوٹ چکے تھے۔ افغان کمشنریٹ کے مطابق یکم نومبر سے اب تک ایک لاکھ 56 ہزار سے زائد افغان شہری افغانستان واپس جا چکے ہیں۔ چمن اور طورخم بارڈر سے روزانہ ہزاروں غیر قانونی افغان باشندوں کی واپسی کیلئے عارضی ٹرانزٹ کیمپیں قائم کی گئی ہیں جہاں سے ان کو افغانستان بھیجا جارہا ہے۔