فرانس کاصدر بے کاراور فضول بات کر تاہے،آزادی اظہار کا مطلب ہرگزیہ نہیں ہے کہ جس کے منہ میں جوآئے بول دیاجائے :وائس چیئرمین ایس ایم عمران
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کو وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں مدینہ جیسی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں۔ اس ریاست میں حضور نبی کریم ﷺکی شان میں کسی قسم کی کوئی گستاخی برداشت نہیں کی جاسکتی۔آزادی اظہار کا مطلب ہرگزیہ نہیں ہے کہ جس کے منہ میں جوآئے بول دیاجائے ،فرانس کاصدر بے کاراور فضول بات کر تاہے۔ تاہم کینیڈا کا وزیر اعظم اس معاملے میں سمجھ دار ہیں جو یہ کہتا ہے کہ ”فریڈم آف سپیچ“کا مطلب کسی مذہب کا مذاق اڑانا ہرگز نہیں۔
وہ گزشتہ روز لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام ”ہفتہ عشق رسول ﷺ“کے سلسلے گستاخانہ خاکوں کی مذمت کے لئے نکالی جانے والی احتجاجی ریلی میںخطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ساری زندگی بھی رسول اللہ ﷺکی شان بیان کرتے رہیں تو اس کا حق ادا نہیں کرسکتے ۔ نبی کریم ﷺکی سیرت ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے ، ہر شخص خواہ وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتا ہورسول اللہ ﷺکی تعلیمات پر عمل کرے تو اعلیٰ ترین انسان بن سکتا ہے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایل ڈی اے میں ”ہفتہ عشق رسولﷺ “وزیر اعظم اوروزیراعلیٰ کی ہدایت پر منا یا جا رہا ہے ۔ یہ بات سب کو معلوم ہونی چاہیے کہ ہم مسلمان ہیں اور ہمارے دین کی بنیاد عشق رسولﷺ ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے واضح ارشاد فرمایا ہے کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ اللہ آپ سے محبت کرے تو آپ اپنے نبی کریم ﷺسے محبت کریں۔ نبی کریم کی محبت اور ان کی اتباع ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔
احتجاجی ریلی میںایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز فارقلیط میر،قدیر احمد باجوہ ، راناٹکا خان ، چیف انجینئر عبد الرزاق چوہان،چیف میٹروپولیٹن پلانر سید ندیم اختر زیدی،چیف ٹاﺅن پلانر طارق محمود اورایل ڈی اے کے دیگر افسران و ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔