ملاوٹ شدہ پٹرول کی فروخت میں ملوث آئل کمپنیون کے خلاف تادیبی کاروائی کا آغاز
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)اوگرا نے ملاوٹ شدہ پٹرول کی فروخت میں ملوث آئل کمپنیوں کے خلاف تادیبی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور گیارہ آئل مارکیٹنگ کمپیوں کو نوٹسز جاری کردیئے گئے ہیں۔ اوگرا نے یہ اقدام جاپانی کمپنی ہنڈا کی درخواست پر اٹھایا ہے جس نے درخواست دی تھی کہ ناقص پٹرول کی فروخت کی بدولت پاکستان میں ہنڈا کاروں کے انجن خراب ہو جاتے ہیں جسکی وجہ سے کمپنی کی ساکھ کو شدید نقصان ہوا ہے ۔ہنڈا کی درخواست پر اوگرا نے پی ایس او ‘ شیل ‘ کالٹیکس ‘ اٹک آئل ریفائنری کے علاوہ دیگر آٹھ آئل کمپنیوں سے جواب طلب کیا ہے پاکستان میں سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی پی ایس او ہے جو ملکی ضروریات کا 60 فیصد سے زائد پوری کرتا ہے اور یہ پٹرول زیادہ تر درآمد کرتا ہے ۔ اوگرا اس اہم مقدمہ کی اہم سماعت آئل کمپنیوں سے جواب آنے کے بعد شروع کرے گی ۔ ہنڈا کمپنی نے پاکستان میں فروخت ہونے والے پٹرولیم مصنوعات کا لیبارٹری ٹیسٹ کروایا ہے جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملک میں ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری پٹرول فروخت ہوتا ہے جس سے ہنڈا کاروں کا انجن ‘ رنگ پسٹن خراب ہو جاتے ہیں جس سے کمپنی کی ساکھ کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے ۔