اقبال پاکستان کو ریاست مینہ کا عکس دیکھنا چاہتے تھے، راضیہ نوید
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) منہاج القرآن کی مرکزی نائب صدر محترمہ راضیہ نوید نے کہا ہے کہ اقبال پاکستان کو ریاست مدینہ کا عکس دیکھنا چاہتے تھے مگر آج حال یہ ہے کہ بدعنوان حکمران اپنا اقتدار بچانے کیلئے اسلام کی بنیادی اساس ختم نبوت پر حملہ آور ہیں، مغربی اور ہندی کلچر کے فروغ کی وجہ سے نوجوان نسل سے دوری ہو رہی ہے ، تعلیم ایک منافع بخش کاروبار بن چکا ہے ،معیاری تعلیم غریب کی بساط سے باہراورکئی طرح کے نصاب تعلیم قوم کو تقسیم در تقسیم کر رہے ہیں، درسی کتابوں سے نظریہ پاکستان بارے مضامین کو حذف کیا جارہا ہے ،اقبال مسلم اتحاد بین المسلمین کے سب سے بڑے داعی ہیں مگر نااہل حکمرانوں کی وجہ سے آ ج ہمارے ہمسایہ اسلامی ممالک ایران ،افغانستان اور بنگلہ دیش تک ہم سے دور ہو چکے ہیں، قیام پاکستان کے مقاصدسمجھانے کیلئے ہمیں نئی نسل کو فکر اقبال سے روشناس کرانا ہو گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کلب راولپنڈی میںمصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ (سسٹرز )کے زیراہتمام اقبال شناسی کے عنوان سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں شہر کے مختلف تعلیمی اداروں کی ناظمات نے شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ راولپنڈی کی صدر سارہ عروج نے کہاکہ علامہ اقبال قومی شاعراورعظیم دانشور ہی نہیں پاکستان کے سب سے بڑے فکری راہنماء بھی ہیں،وہ پاکستان کو عالم اسلام کی راہبری کرتا دیکھنا چاہتے تھے جس کیلئے انہوں نے قوم کے ہر شخص خاص طور پر نوجوان نسل کو اپنے کردار کو عقابی بنانے کی تلقین کی ،ان کی سب سے بڑی خواہش تھی کہ مسلمان اپنی خوداری اور غیرت کی خوب حفاظت کریں،ڈاکٹر طاہر القادری اقبال علیہ رحمہ کی اسی فکر کو علمی اور عملی طور پر پروان چڑھا رہے ہیںتاکہ امت مسلمہ دوربارہ عروج پاسکے ۔تقریب سے مظہر ناہید ،حلیمہ سعدیہ،صدف مغل اورآمنہ مغل نے بھی خطاب کیا ۔