اسٹیل مل ایمپلائزجوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ورکر ز حقوق کے حصول کیلئے راولپنڈی پہنچ گئے
راولپنڈی (نیوز رپورٹر)کراچی سے اسٹیل مل ایمپلائزجوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ورکر اپنے حقوق کے حصول کے لئے بذریعہ ٹرین مارچ راولپنڈی پہنچ گئے ،راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر عوامی تحریک کے مرکزی رہنما ساجد بھٹی،راجہ ندیم،میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان،ملک افضل،ملک طاہر جاوید،شعیب مرزا اور دیگر نے آنے والے قافلے کا استقبال کیا ،قافلے کے شرکاء پر پھولوں کی پتیاں نچھار کی گیں،پاکستان عوامی تحریک کے رہنمائوں نے کراچی سے آئے ہوئے سٹیل مل ایمپلائزجوائنٹ ایکشن کمیٹی کے عہدیداران ورکرز کی ہمت اور جرات کو سلام پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری اور پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی،ساجد بھٹی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹر ین مارچ اور علامتی بھوک ہڑتال کرنے کا مقصدپاکستان سٹیل مل کی بحالی، سٹیل مل کے ملازمین کے حقوق ،ریٹائرڈملازمین کے واجبات کی یکمشت ادائیگی،تنخواہوں میں اضافہ،طبی سہولیات کی مکمل فراہمی،پاکستان سٹیل مل کی بندش کے ذمہ داروں کا کڑا احتساب،اور تنخواہوں کی ماہانہ ادائیگی جیسے مطالبات شامل ہیں،جس کی عوامی تحریک مکمل حمایت اور تائید کرتی ہے۔عوامی تحریک کے میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی ڈی چوک میں مظاہر کے علاوہ 8تا10نومبر کو نیشنل پریس کلب کے باہر علامتی بھوک ہڑتال بھی کرے گی۔