ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں 27 فیصد کمی، نیپ رپورٹ
اسلام آباد(این این آئی)نیشنل ایکشن پلان (نیپ) پرعملدآمد کی رواں سال کی رپورٹ سامنے آگئی ہے جس کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں دہشت گردی کے واقعات میں 27 فیصد کمی آئی ہے۔نیپ رپورٹ کے مطابق رواں سال جنوری سے اب تک دہشت گردی کے 432 واقعات ہوئے تاہم 2016 کی نسبت دہشت گردی کے واقعات میں27 فیصد کمی واقع ہوئی۔کارکردگی کے اعداد وشمار کیمطابق رواں برس اب تک 35 لاکھ 72 ہزار615 سرچ آپریشن ہوئے اور 2 لاکھ 27 ہزارمشکوک افراد گرفتار کیے گئے۔رپورٹ کے مطابق حساس اداروں کے مابین معلومات کے تبادلے سے دہشت گردی کے 4655 واقعات ناکام بنائے گئے۔وزارت داخلہ میں 23 اگست 2017 کو آخری اجلاس ہوا تھا جس میں خیبرپختونخوا کے گورنر، چاروں صوبوں کے وزرا اعلیٰ اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے شرکت کی تھی۔صوبائی سطح پر ایپکس کمیٹیوں کے 60 سے زائد اجلاس ہوئے۔رواں سال دہشت گردی کے مقدمات میں 72 افراد کو تختہ دار پر لٹکایا گیا جبکہ نیپ کے نفاذ سے اب تک مجموعی طور پر فوجداری مقدمات میں 350 سے زائد مجرموں کو پھانسی دی گئی ٗفوجی عدالتوں کو اب تک 219 مقدمات بھیجے جا چکے ہیں جن میں سے 49 مقدمات کے فیصلے سنائے گئے اور 176 تاحال زیرسماعت ہیں۔