فوجی‘ سفارتی تناؤ کے باوجود پاکستان‘ بھارت کے درمیان روا بط برقرار
اسلام آباد(سہیل عبدالناصر) دو طرفہ روابط کی کم تر سطح ، سفارتی تنائو اور کنٹرول لائن پر فوجی کشیدگی کے باوجود پاکستان ا ور بھارت کے سلامتی مشیروں کے درمیان براہ راست رابطہ برقرار ہے جو جنوبی ایشیاء کی دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان خراب تعلقات کے دور میں نیک شگون ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستان کے مشیر سلامتی لیفٹیننٹ جنرل(ر) ناصر خان جنجوعہ اور ان کے بھارتی ہم منصب اجیت دوول کے درمیان اگرچہ ہاٹ لائن تو قائم نہیں لیکن وہ براہ راست ٹیلیفون پر اور بالواسطہ، دونوں طریقوں سے مسلسل رابطہ میں ہیں اور سلامتی سے متعلق امور، اس شعبے میں کیس واقعہ یا پیشرفت پر ان کے درمیان بات چیت ہوتی رہتی ہے۔ جس کے نتیجہ میں کئی غلط فہمیوں کا ازالہ ہو جاتا ، متعدد بار دہشت گردی کی کئی وارداتوں کا بروقت تدارک کیا گیا۔اس ذریعہ کے مطابق پاکستان کے مشیر سلامتی ، افغانستان میں موجود ٹی ٹی پی دہشت گردوں کے معاملہ بھی کئی بار ان رابطوں کے ذریعہ اٹھا چکے ہیں۔