محکمہ ڈاک کے اصلاحاتی ایجنڈا کی جلد تکمیل کی ضرورت ہے ٗمولانا امیر زمان
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر پوسٹل سروسز مولانا امیر زمان نے کہا ہے کہ محکمہ ڈاک کے اصلاحاتی ایجنڈا کی جلد سے جلد تکمیل کی ضرورت ہے ٗپاکستان کی کاروباری برادری کو سہولت کیلئے پوسٹل لاجسٹک کمپنی کا آغاز کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں تاجر برادری کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ محکمہ ڈاک میں جلد اصلاحات متعارف کرائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک معاہدے کی تکمیل سے ملک میں معاشی انقلاب آئے گا اور محکمہ ڈاک کاروباری برادری کو سہولت کیلئے پوسٹل لاجسٹک کمپنی متعارف کرانے جارہی ہے تاکہ تاجر برادری کو محکمہ کی معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ وفاقی وزیر پوسٹل سروسز مولانا امیز زمان نے کہا ہے کہ ڈاک ملازمین محکمہ کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں‘ پاکستان پوسٹ کے بہتر مستقبل کیلئے ورکرز کو بہتر مراعات‘ فرائض کی انجام دہی کیلئے خوشگوار ماحول اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔