ملاقات سے انکار پر نواز شریف ناراض،آصف زرداری کیخلاف سخت رویہ اختیار کرنے کا فیصلہ
لاہور(اے این این )سابق وزیر اعظم نواز شریف نے آصف علی زرداری کے خلاف ایک بار پھر سخت رویہ اپنانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ساتھ اب آصف زرداری اور پیپلز پارٹی کو بھی کھلے عام تنقید کا نشانہ بنائیں گے سابق صدر کے خلاف سخت گیر رویہ اختیار کیا جائے گا ۔نواز شریف کھل کر مزاحمت کی سیاست کریںگے ۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے اپنے بھائی وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت پارٹی کے سینئر ترین رہنمائوں کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے آصف زرداری کے خلاف سخت رویہ اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ذرائع کے مطابق خواجہ آصف،چوہدری نثاراور شہباز شریف ابھی پیپلز پارٹی کے ساتھ محاذ آرائی کے حق میں نہیں ہیں جبکہ نواز شریف اینٹی پیپلز پارٹی ووٹرز کی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے ،نواز شریف کا سخت رویہ اختیار کرنے کے پیچھے پیپلز پارٹی سے رابطوں کا مثبت جواب نہ ملنا اور سابق صدر کی جانب سے ملاقات سے انکارہے۔پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے آئندہ جو بھی جلسے کئے جائیں گے ان میں پیپلز پارٹی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جائے گا۔