پاکستان میں2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے خواہش مند ہیں،چینی کمپنی
چکوال(این این آئی) چینی صنعتی اور تجارتی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ڈیرک منگ نے کہاہے کہ ہماری کمپنی پاکستان میں2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی خواہش مند ہے اور انہیں ضلع چکوال آکر بڑی خوشی ہوئی ہے لہٰذا یہاں پر صنعتی ترقی کے بڑے امکانات ہیں جس کا جائزہ لیں گے اور یہاں پر سرمایہ کاری کریں گے۔ وہ چکوال چیمبر آف کامرس کی دعوت پر اتوار کے روز چکوال پہنچے۔ وفد میں ڈیرک منگ ، سیانگ یان ، وانگ ہان، زویا یان، مس فیفی یائو اور سوانگ وان شامل تھے۔ چکوال چیمبر آف کامرس کے گروپ لیڈر قاضی محمد اکبر نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ وفد کا استقبال کیا۔ ڈیرک منگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک چین دوستی کے پس منظر میں وہ پاکستان آئے ہیں اور سی پیک منصوبے سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بڑے وسیع امکانات ہیں جس کا جائزہ لیں گے۔ سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے قاضی محمد اکبر نے بتایا کہ ضلع چکوال ایک پرامن علاقہ ہے جہاں پر جرائم کی شرح پورے پاکستان میں سب سے کم ہے ، شرح خواندگی 86فیصد ہے اور انتہائی سستے داموں پر نیلہ دلہہ انٹر چینج کے قریب صنعتی زون کے قیام کیلئے زمین بھی موجود ہے اور اس کیلئے چکوال چیمبر آف کامرس شراکت داری کی بنیاد پر بھی یہاں پر صنعتیں لگانے کی پیش کرتا ہے۔