یمن: حکومتی مرکز کے باہر خودکش حملہ‘ جھڑپ‘ 5فوجی ہلاک
صنعاء (آئی این پی )یمن میں حکومتی مرکز کے باہر خودکش حملے میں 5فوجی ہلاک ہوگئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق خانہ جنگی کے شکار ملک یمن کے جنوبی شہر عدن میں حکومتی فوج کے ایک مرکز کے باہر ہونے والے خود کش حملے میں پانچ فوجی مارے گئے ہیں۔ اس حملے کے بعد یمنی فوج اور حملہ آوروں کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی۔ عدن کے سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملے میں القاعدہ کی ذیلی شاخ کے جنگجو ملوث ہو سکتے ہیں۔ دوسری جانب کسی بھی عسکریت پسند گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ عدن سعودی حمایت یافتہ صدر منصور ہادی کی حکومت کا عبوری ہیڈکوارٹرز ہے۔ ایران نواز حوثی ملیشیا یمنی دارالحکومت صنعا پر کنٹرول رکھتی ہے۔