کاروباری برادری کی سہولت کیلئے پوسٹل لاجسٹک کمپنی کا آغاز کیا جائیگا، امیر زمان
اسلام آباد (خبر نگار) وفاقی وزیر پوسٹل سروسز نے محکمہ ڈاک کے اصلاحاتی ایجنڈا کی جلد سے جلد تکمیل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری کی سہولت کیلئے پوسٹل لاجسٹک کمپنی کا آغاز کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں تاجر برادری کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ محکمہ ڈاک میں جلد اصلاحات متعارف کرانے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک معاہدے کی تکمیل سے ملک میں معاشی انقلاب آئے گا اور محکمہ ڈاک کاروباری برادری کو سہولت کیلئے پوسٹل لاجسٹک کمپنی متعارف کرانے جارہی ہے تاکہ تاجر برادری کو محکمہ کی معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ وفاقی وزیر پوسٹل سروسز مولانا امیر زمان نے کہا ہے کہ ڈاک ملازمین محکمہ کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں‘ پاکستان پوسٹ کے بہتر مستقبل کیلئے ورکرز کو بہتر مراعات‘ فرائض کی انجام دہی کیلئے خوشگوار ماحول اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پوسٹل افسران کو ہدایت کی کہ محکمہ میں اصلاحات متعارف کرانے کیلئے سفارشات اور تجاویز مرتب کریں جو خدمات اور فلاح و بہبود پر مبنی ہونی چاہئیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ خالی آسامیوں پر شفاف اور میرٹ پر بھرتی کے عمل کا جلد آغاز کیا جائے اور عوامی خدمات کے مفاد میں پوسٹل ورکرز کو ترقی دینے کے عمل کی رفتار کو بھی آگے بڑھائیں گے۔