حضرت داتا گنج بخشؒ کی تعلیمات کو پھیلایا جائیگا: کل مسالک علماء بورڈ کے زیراہتمام سیمینار
لاہور( خصوصی نامہ نگار)کل مسالک علماء بورڈ کے زیر اہتمام حضرت علی بن عثمان الہجویری ؒ کی دین اسلام کی ترویج و خدمات کے حوالے سے سیمینار منعقد کیا گیاجس میں حضرت علی بن عثمان الہجویری ؒ کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیااور کہا گیا کہ تمام مسالک کے علماء کرام کے زیر اہتمام ایسی تقاریب سے فرقہ واریت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔تقریب میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ حضرت علی بن عثمان الہجویری ؒ کی تعلیمات کو پھیلایا جائے گا۔صوفیا کا پیغام امن کا پیغام ہے اگر اس پیغام کوصحیح معنوں میں پھیلادیا جائے تو اس کے نتیجے میں نہ صرف فرقہ واریت کے خاتمے میں مدد ملے گی بلکہ معاشرہ امن کے ساتھ بھائی چارے کی فضا میں آگے بھی بڑھے گا۔تقریب سے تنظیم اتحاد امت پاکستان چیئر مین ضیاء الحق نقشبندی ،کل مسالک علماء بور ڈ کے مولانا عاصم مخدوم ،مفتی عاشق شاہ،کاظم رضا نقوی،علامہ وقارالحسنین نقوی اور علامہ شکیل الرحمن ناصر سمیت دیگر نے خطاب کیا۔