گورونانک انٹرنیشنل یونیورسٹی کے قیام میں حائل رکاوٹیں جلد دور کرینگے: برجیس طاہر
لاہور (خبرنگار) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چودھری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ ننکانہ صاحب میں گورونانک انٹرنیشنل یونیورسٹی کے قیام میں حائل تمام رکاوٹوں کو جلد دور کرکے وہاں یونیورسٹی کے تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات لاہور میں متروکہ املاک بورڈ پاکستان کی جانب سے یونیورسٹی کے قیام کے راستے سے حائل رکاوٹیں دور کرنے کے ضمن میں قائم شدہ ایک 34 رکنی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ محمد نوازشریف مواصلات کے ساتھ ساتھ تعلیم کے شعبے کی ترقی سے متعلق ایک وژن رکھتے ہیں۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون کی وجہ سے آج ننکانہ صاحب میں یونیورسٹی کا قیام عمل میں آرہا ہے۔