رائیونڈ اور نواح میں سول ورکس کی مد میں کروڑوں کے گھپلوں کا انکشاف
رائے ونڈ (نامہ نگار) رائے ونڈ اور گردو نواح ضلع لاہور کے متعدد دیہاتوں میں سول ورکس کی مد میں کروڑوں روپے کے گھپلے کا انکشاف ہوا ہے ۔تفصیلات کے مطابق رواں سال مئی ،جون اور جولائی کے مہینوں میںرائے ونڈ اور ارد گرد کے علاقہ جات میںترقیاتی کاموں کیلئے تقریباً 40کروڑ روپے مختص ہوئے ۔مگر اکثر ٹینڈر پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پول کے طریقہ کار سے الاٹ کئے گئے ،اگر کسی پرکشش اور بڑے منصوبے کیلئے کوئی ٹھیکیدار مقابلے پر آتا ،تو افسران مجاز اپنے اختیارات استعمال کرکے ٹینڈر کینسل کردیتے ،اور منصوبے کو اگلے ٹینڈر میں شامل کرکے ٹھیکہ منظور نظر فرم کو الاٹ کردیا جاتا۔اس دوران مقابلے پر آنے والے ٹھیکیدارکو بھی کسی طرح دبا لیا جاتا ۔تحقیقات کے بعد جن منصوبہ جات میں زیادہ کرپشن دیکھی گئی ،ان میں جنرل بس سٹینڈرائے ونڈ کی تعمیر،آرائیاںمانک سے موضع مل تک تبلیغی اجتماع کے مندوبین کیلئے بنائی گئی سڑک ،تعمیر سیرت سکول روڈ ،سیوریج و فٹ پاتھ ،موضع دھلہ ،کوٹھا ملیاں اور ملوکی کے ترقیاتی کام شامل ہیں،علاوہ ازیں موضع شاہ پور کانجراں ،کاچھا اور سگیاں مویشی منڈیوں کے ٹینڈرز میں بھی سرکاری خزانہ کو بے دریغ لوٹا گیا۔