اسلام آباد:ڈاکخانوں میں شناختی کارڈ کی تجدید، نادرا اور پاکستان پوسٹ کے درمیان معاہدہ
اسلام آباد (مسعود ماجد سید؍ خبر نگار) پاکستان پوسٹ اور نادرا کا ملک کے دو ہزار ڈاکخانہ جات میں شناختی کارڈز کی تجدید کا معاہدہ طے پاگیا، آزمائشی طور پر یہ سروس ملک کے دس شہروں میں شروع کردی گئی ہے جبکہ مستقبل قریب میں دوہزار ڈاکخانوں میں بھی یہ سروس شروع کر دی جائیگی۔ پوسٹل ڈویژن کے ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق معاہدے کا اصل مقصد عوام الناس کو اپنے نادرا کے شناختی کارڈوز کی تجدید کے ساتھ اس میں ترامیم کی سہولت بھی دی جائے گی۔ اس معاہدہ کے تحت پاکستان پوسٹ ہر ایک کیس پر نادرا سے کمیشن وصول کرے گا جو پاکستان پوسٹ کی آمدن میں نمایاں اضافہ کرے گا۔ انتدائی طور پر آزمائشی بنیادوں پر یہ سروس ملک کے دس شہروں میں شروع کر دی گئی ہے جن میں مظفرآباد،گڑھی دوپٹہ، بٹ خیلہ، ڈی آئی خان، کلرسیداں، رحیم یار خان، حیدر آباد، خیر پور،مستونگ اور کچلاک شامل ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستان پوسٹ آٹو میشن کے منصوبے پر بھی عمل پیراہے۔ پہلے مرحلے میں 3163ڈاکخانہ خانوں میں کمپیوٹر ز اور سوفٹ وئیرز مہیا کئے جائیں گے جو پوسٹل سروسز کو جدید مقابلہ جاتی ماحول میں اپنی جگہ بنانے میں معاون ثابت ہونگے۔ دوسرے مرحلے میں پاکستان پوسٹ کے تمام ڈاکخانوں کو کمپیوٹرائزڈ کردیا جائے گا اور پوسٹ آفسزکے کاونٹرز کو سینٹرلائز سوفٹ وئیر سے منسلک کر دیا جائے گا۔