سموگ:ٹریفک حادثات میں مزید 22جان بحق، 94زخمی، ٹائر، فصلیںاور کوڑا کرکٹ جلانے پر3ماہ کے لئے پابندی
پشاور+ لاہور+ ملتان+ فیصل آباد+ سیالکوٹ+ جھنگ (آن لائن+آئی این پی+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران+ نیوز رپورٹر) لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں اتوار کو بھی دھند اورسموگ چھائی رہی، حد نگاہ کم ہونے سے شہریوں کو سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ٹریفک حادثات میںخاتون سمیت 27 افراد جاں بحق اور 94 زخمی ہو گئے، موٹروے ایم 2 بابو صابو سے کوٹ مومن، موٹروے ایم 3 پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد، ایم 4 فیصل آباد سے گوجرہ اور خانیوال سے موٹروے کو دھند کے باعث بند کر دیا گیا، ایئرپورٹس پر متعدد پروازیں منسوخ ہوگئیں۔ لاہور‘ فیصل آباد ملتان سمیت کئی شہروں میں فصلوں‘ ٹائروں اور کوڑا کرکٹ جلانے کیلئے دفعہ 144 نافذکر دی گئی ہے۔ فضائی آلودگی کے باعث بننے والی زہریلی دھند سے پھیلنے والی بیماریوں سے شہریوں کی پریشانی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ لاہور سمیت پنجاب بھرمیں سموگ بیماریوں کا سبب ہی نہیں باربار بجلی جانے کی وجہ بھی بن گئی ہے۔ ملک میں کئی پاور پلانٹ دوبارہ بندکردئیے گئے ہیں جس سے شہروں اور دیہات میں گھنٹوں لوڈشیدنگ جاری ہے۔ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں نے شہروں اور دیہات کیلئے لوڈشیڈنگ کاشیڈول جاری کردیا۔ بعض علاقوں میں ہرگھنٹے بعد ایک گھنٹہ بجلی بند ہو رہی ہے۔ صنعتی اورکمرشل فیڈرز بھی 12،12 گھنٹے بندرکھے جائیں گے۔ بارش نہ ہونے سے سموگ کی شدت میں دو ہفتے کے دوران اضافہ ہوا ہے۔ چیف میٹرلوجسٹ نے ایک آدھ بارش کو سموگ کے خاتمے کیلئے ناکافی قرار دیا ہے۔ شدید دھند کے باعث پنڈی بھٹیاں میں چنیوٹ روڈ پرتیزرفتار ٹرک بے قابو ہو کر الٹ گیا۔ حادثہ میں 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ حافظ آباد اور گردو نواح میں بھی حد نگاہ صفر ہو گیا۔ ساہیوال اور جی ٹی روڈ پر شدید دھند کے باعث حد نگاہ 10 میڑ رہ گئی، بہاولپور میں ٹیل والا روڈ پر دھند کے باعث موٹر سائیکل بس کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ٹوبہ ٹیک سنگھ میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ اوکاڑہ میں جی ٹی روڈ پر دھند کے باعث وین ،ٹریلر اور موٹر سائیکل آپس میں ٹکرا گئے جس سے خاتون سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے۔ فیصل آباد شہر میں کئی روز سے دھند اور سموگ چھائی ہوئی ہے، اتوار کو دھند میں شدت آ گئی اور حد نگاہ صفر تک پہنچ گئی۔ہائی وے حکام نے شہریوں کو تنبیہ کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے۔ چھانگا مانگا‘بورے والا اور گردونواح میں رات 12 بجے سے بجلی بند ہے۔ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے عوام شدید مشکلات کا شکارہیں۔سموگ کی وجہ سے سسٹم ٹرپ ہونے سے سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔پنجاب میں ملتان، بہاولپور اور دیگرعلاقوں میں بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی۔ترجمان نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے مطابق شدید دھند کے باعث این ٹی ڈی سی کی ٹیم کو بحالی کے کام میں مشکلات کا سامنا ہے۔ترجمان کا مزید کہنا تھا اگلے چند روز شدید دھند اور سموگ جاری رہنے کا امکان ہے۔سموگ کے باعث میپکو ریجن کے 25 گرڈ سٹیشنز سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔میپکو ترجمان جمشید نیازی کے مطابق ساہیوال، وہاڑی، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپورکے علاقے متاثر ہوئے۔متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کا کام جاری ہے۔دوسری طرف سندھ کے علاقے کشمور میں بھی شدید دھند کے باعث گدو تھرمل پاور سٹیشن کے 2 یونٹ ٹرپ کرگئے۔گڈو پاور ہائوس ذرائع کے مطابق 480 میگاواٹ بجلی سسٹم سے آئوٹ ہوگئی۔جس سے پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے کئی علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا دھوپ نکلنے کے بعد ہی یونٹ بحال ہوسکیں گے۔ بہاولپور‘ صفدر آباد‘ ہارون آباد‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنجاب کے دیگر شہروں اور دیہات میں بھی شدید دھند سے معمولات زندگی متاثر ہورہے ہیں۔ ساہیوال میں ٹریفک حادثات میں ایک مزدور اور ایک بیوپاری سمیت دو جاں بحق اور 17 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ ہڑپہ سے منڈی احمد آباد جا تے ہوئے رنگ شاہ کے قریب تین موٹر سائیکل سواروں کی موٹر سائیکل خراب کھڑے ٹرالر سے ٹکرانے کے نتیجہ میں ایک مزدور بیس سالہ محمد حسین جاں بحق اس کا بھائی ارشاد اور ارشاد کی بیوی سمیرا شدید زخمی ہو گئے۔ ساہیوال ملتان روڈ پر چک 132/9.Lکے قریب دھند کے سبب کیری ڈبہ اور کار آپس میں ٹکرانے کے نتیجہ میں آصف، امین اور اشرف شدید زخمی ہو گئے جبکہ دو موٹر سائیکلیں چک 133/9.Lکے قریب آپس میں ٹکرانے کے نتیجہ میں تسلیم اور اللہ دتہ ، نبیلہ ، ندیم ، خالد ،زہرہ ،10سالہ زین العابدین اور حسنین بیوپاری شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو سول ہسپتال ساہیوال لایا گیا مگر حسنین راستہ میں ہی دم توڑ گیا جبکہ نور شاہ ساہیوال روڈ پر ایک رکشہ الٹ جانے کے نتیجہ میں ساہیوال کا ذیشان‘ ارشد حسین ، 11سالہ بچہ ارشاد اور 6سالہ نمرہ شدید زخمی ہو گئے۔پنجاب بھر میں سموگ کے باعث مختلف ٹریفک حادثات اور بیماریوں کے پھیلنے کے بعد علمائے کرام نے سموگ کو آسمانی آفت قرار دے دیا۔ علمائے کرام نے سموگ کو آسمانی آفت قرار دیتے ہوئے عوام کو استغفار اور نماز استسقا ادا کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔ لاہور سے ـنیوزرپورٹر کے مطابق وزارت توانائی نے این ٹی ڈی سی اور ڈسکوز کی آپریشنل ٹیموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دیں،گزشتہ روز انتہائی دھنداورشدید سموگ سے این ٹی ڈی سی سسٹم ٹرپ ہونے سے ملتان، بہاولپور اور دیگر علاقوں میں بجلی کی سپلائی متاثرہوئی ۔این ٹی ڈی سی کے ترجمان نے بتایا کہ شدید دھند سے این ٹی ڈی سی کی ٹیم کو بحالی کے کام میں مشکلات کا سامنارہا ،موسمی حالات اور شدید دھند سے این ٹی ڈی سی سسٹم کو بتدریج بحال کیا جا رہا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چندروز شدید دھند اورسموگ جاری رہنے کا امکان ہے ۔ این ٹی ڈی سی کی آپریشنل ٹیم متحرک، بجلی کے ترسیلی نظام کے اہم اورحساس مقامات کی پٹرولنگ جاری رکھے ہوئے ہے ۔دوسری جانب ملک بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈ نگ ختم کردی گئی ہے لاہور اور اس کے مضافات میں تین سے چار گھنٹے کی لوڈشیڈ نگ کی گئی۔ فیصل آباد میں دھند کے باعث ہونے والے ٹریفک حادثات میں 18 سالہ نوجوان جاں بحق، دوسرا زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق بلال نگر کا رہائشی 18 سالہ عمران اپنے دوست 15 سالہ بلال کے ہمراہ رکشہ چلاتا تھا۔ گزشتہ رات دھند کے باعث ان کا رکشہ سڑک کنارے کھڑی ٹرالی سے جا ٹکرایا جس کے نتجیے میں عمران چل بسا، اس کا ساتھی بلال ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ چک نمبر 448 گ ب کا رہائشی عاقب موٹر سائیکل پر سوار ہوکر سمندری جارہا تھا، اڈہ 447 گ ب کے قریب سامنے سے آنے والے ٹرک نے موٹر سائیکل کو کچل ڈالا جس سے عاقب زخمی ہوگیا جسے زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ سموگ کی روک تھام کیلئے 3 ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی۔ فصلوں، ٹائروں اور کوڑا کرکٹ جلانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ دھوئیں اور دھند کا خطرناک ملاپ سموگ بیماریوں کا سبب بن رہا ہے۔ نزلے، زکام اور آنکھوں میں جلن سے مریضوں کیلئے سانس لینا مشکل ہونے لگا۔ ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ شہری سفید شیشوں کے چشمے اور ماسک لگائیں۔ کھلی فضا میں ورزش یا جاگنگ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اٹھارہ ہزاری سے نامہ نگار کے مطابق کیری وین کو ٹکر ماری دی جس کے نتیجہ میں وین میں سوار علیانہ کا رہائشی 30سالہ عرفان موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک بچی سمیت تین افراد سلیم 'اقبال اور خدیجہ شدید زخمی ہو گئے۔ چنیوٹ سے نامہ نگار کے مطابق فیصل آباد روڈ پر شدید دھند کے باعث اچانک ڈیمپر الٹنے سے بیس سالہ نوجوان مذمل شدید زخمی ہوگیا، تھانہ محمد والا کے علاقہ مدد علی چوک میں وین کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے دو نوجوان زخمی ہوئے ، کانڈیوال روڈ بسرہ سٹاپ پر رکشہ کی ٹکر سے دو فراد زخمی ہوئے، فیصل آباد روڈ تھانہ رجوعہ روڈ پر موٹر سائیکل سلپ ہونے سے دو افراد گِر کر زخمی ہوگئے، لاہور روڈ دین کالج کے قریب موٹر سائیکل سے گِر کر دو افراد زخمی ہو گئے، جھنگ روڈ پر موٹر سائیکل سے گِر کر ایک افراد زخمی ہوا ، جامعہ آباد کے قریب شدید دھند کی وجہ سے ٹرالی کی رکشہ کوٹکر سے رکشہ میںسوار چار افراد زخمی ہو گئے، شمس ملز کے قریب دو موٹر سائیکل کے آپس میں تصادم سے دو افراد زخمی ہو گئے اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کا عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچا اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچایا۔شیخوپورہ/ فاروق آباد/ مریدکے سے نامہ نگاران، نمائندہ خصوصی، نمائندہ نوائے وقت کے مطابق لاہور سرگودھا روڈ پر سرکاری خورد سٹاپ پر ڈمپر کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجہ میں دو نوجوان جان بحق ہوگئے، بتایا گیا ہے کہ نوجوان اسلم اور اسکا دوست گوجرانوالہ کے رہائشی ہیں جو کسی کام کے سلسلہ میں خانقاہ ڈوگراں جارہے تھے جبکہ شیخوپورہ فیصل آباد روڈ بھکھی نہر کے قریب مسافر وین اور ٹرالر میں تصادم ، ایک شخص ہلاک ، چار شدید زخمی ہوگئے، فیروزوٹواں کے قریب مزدہ ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جان بحق ہوگیا جبکہ شرقپور جڑانوالہ روڈ پر ٹریفک حادثہ میں ایک نامعلوم شخص جان بحق ہوگیا۔ کمیر میں عارف والا روڑ پر اڈہ شبیل کے نزدیک کار کی زد میں آکر 65 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق اوکاڑہ اور گردو نواح میں دھند کا راج ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق بیس سے زائد افراد زخمی ہوگئے، اڈا جی ٹی روڈ پر درجنوں گاڑیاں آپس میں ٹکرانے سے متعدد گاڑیاں تباہ ہو گئیں جبکہ دیپالپور روڈ پر موٹر سائیکل سوار امین گاڑی سے ٹکرانے سے شدید زخمی ہو گیا اور طبی امداد ملنے سے قبل ہی دم توڑ گیا‘ دھند سموگ کے باعث ہونے والے حادثات میں متعدد قیمتی گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ پاک پتن سے نامہ نگار کے مطابق سکھ پور کے قریب شدید دھند کے باعث ٹرالر نے کوسٹر کو ہٹ کردیا جس کے نتیجہ میں مقدس بی بی، زرینہ بی بی،ام کلثوم بی بی، عدیل حسین محمد بوٹا، غلام محمد اور آمنہ بی بی زخمی ہو گئے۔پاکپتن اور گردونواح میں شدید دھند کے باعث حکومت پنجاب کی ہدایت پر سی ای او ایجوکیشن محمد منشاء میو نے تعلیمی اداروں کی ٹائمنگ تبدیل کر دی ، نئے اوقات کے مطابق تمام تعلیمی ادارے صبح9 بجے کھلیں گے اور دوپہر3 بجے بند ہوئیں گے جبکہ جمعۃ المبارک کے روز تعلیمی ادارے صبح 9 بجے کھلیں گے اور 12:55 پر بند ہوں گے ۔ منکیرہ سے نامہ نگار کے مطابق شدید دھند، سموگ کے باعث تین حادثات میں 8 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق شدید دھند کے باعث ماڑی شاہ سخیرا کے قریب خوشاب روڈ پر ٹرک اور ٹرالر میں ٹکر کے نتیجہ میں 22 سالہ شاہد موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ الطاف، مظہر اور قیصر کو شدید زخمی حالت میں مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں قیصر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پیرمحل سے نامہ نگار کے مطابق سمندری روڈ پرواقع اڈا پھلور کے قریب دھند کے باعث مسافر بس موٹر سائیکل سے جا ٹکرائی جس کے نتیجہ میں نوجوان محمد احسان سکنہ 255گ ب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ بورے والا میں ایک خاتون جاں بحق اور سات شدید افرا د زخمی۔ منڈی شاہ جیونہ اور گردونواح میں بجلی کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اٹھارہ گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔ تحصیل ہیڈ کوارٹر احمد پور سیال سمیت نان تحصیل ہیڈ کوارٹر گڑھ مہاراجہ اور گرد ونواح میں ایک بار پھر بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ بڑھ گئی۔ رینالہ خورد میں میپکو کی آٹھ گھنٹے غیر اعلامیہ لوڈ شیڈنگ شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے۔ عارفوالا میں بجلی کی مسلسل بندش نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی۔ کمیر میں سموگ اور دھند کے باعث غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 16 گھنٹے تک ہوگیا۔ سیالکوٹ میں سردی کی آمد ہوتے ہی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بھی شروع ہو گئی، صبح نو بجے سے بارہ بجے تک شہراقبال کے علاقوں میں بجلی بند رہی۔ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے دبئی جانے والی مسافر پرواز نو گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی جس سے مسافروں کو پریشانی کاسامنا کرنا پڑا۔ جہلم ضلع بھر میںآئیسکو نے اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ طویل دورانیے کا سلسلہ شروع کر دیا، میپکو ساہیوال سرکل نے شہری اور دیہی علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا اعلان کر دیا۔ شہری علاقوں میں 4 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 8 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوگی۔ سرائے عالمگیر و گردو نواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ عوام پریشان رہے۔ خانقاہ ڈوگراں اور گردو نواح میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے شہری راتوں کا جاگ کر زندگی گزانے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ شہریوں کا کہنا کہ اس موسم میں جب ایئر کنڈیشنر بھی بند ہو گئے ہیں بجلی کی کھپت بہت حد تک کم ہو چکی تو اس صورت حال میں طویل لوڈ شیڈنگ سمجھ سے بالا تر ہے۔ بصیر پور سے نامہ نگار کے مطابق بصیرپور اور چورستہ میانخاںکے شہری ودیہی علاقوںمیں اتوار کی تعطیل کے باوجود رات ایک بجے بجلی بند ہو گئی جو سہ پہرکو بحال کی گئی۔ گھروں و مساجد میں پانی کی قلت پیدا ہو گئی۔
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ)حکومت دو روز گزرنے کے باجود بجلی بحران ملک کے مختلف حصوںمیں جاری ہے یہ سلسلہ سات نومبر تک یہی صورتحال رہیگی ۔ شہری علاقوں میںچھ گھٹنے اوردیہی علاقوںمیں دس گھنٹے بجلی بند رہنے لگی ۔ترجمان وزارت پاور ڈویژن کے مطابق گیس کے منصوبوں کی بحالی تک یہ سلسلہ جاری رہیگا ساہیوال کول پاور پلانٹ اپنی استطاعت کے مطابق بارہ سو میگاواٹ دے رہا ہے ۔اس وقت لوڈشیڈنگ نہیںبلکہ لوڈمنیجمنٹ کی جا رہی ہے ۔ اسموگ کی وجہ سے سب سے زیادہ لاہور اور بہالپور ریجن متاثر ہو رہے ہیں ۔دوسری جانب چشمہ کے دو پاور پلانٹس تاحال بند پڑے ہیںجبکہ پانی سے بجلی کی پیداوار کم ہو کر ڈھائی ہزار میگا واٹ رہ گئی‘ گیس کی فراہمی میں کمی سے بجلی کی پیداوار میں 500میگا واٹ کمی ہوئی ہے۔ پانچ ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم سے تاحال آئوٹ ہے ۔پانی سے بجلی کی پیداوار کم ہو کر ڈھائی ہزار میگا واٹ رہ گئی ہے پانی سے بجلی کی پیداواری صلاحیت سات ہزار میگا واٹ ہے۔ اس وقت پانی سے بجلی کی اوسط پیداوار 2700 میگا واٹ ہے۔ گیس کی فراہمی میں کمی کے باعث بجلی کی پیداوار میں پانچ سو میگا واٹ کمی ہوئی ہے شہروں میں چار سے چھ گھنٹے جبکہ دیہات میں آٹھ سے دس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔ اسکے علاوہ پاور ڈویژن کا طلب سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کا دعوی آئیسکو نے غلط ثابت کر دیا۔آئیسکو ترجمان کے مطابق بجلی کی پیداوار کم ہونے سے آئیسکو کو 500 میگاواٹ کی کمی کا سامنا ہے ٗپیداوار اور طلب کے خلا کو پر کرنے کے لئے آئیسکو کے مختلف حصوں میں لوڈ مینجمنٹ کی جا رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق پاور ڈویژن اور آئیسکو حکام صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق صورتحال بہتر ہونے پر لوڈ مینجمنٹ کا شیڈول بھی تبدیل ہو جائیگا۔