چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ ، 16 رکنی پاکستان ہاکی ٹیم آسٹریلےا روانہ ہو گئی
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)آسٹریلیا میں شیڈول چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے 16 رکنی پاکستان ہاکی ٹیم گزشتہ روز آسٹریلےا روانہ ہو گئی ۔عرفان سینئر کی قیادت میں روانہ ہونے والی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میںعمر بھٹہ(نائب کپتان )، امجد علی، ابوکرمحمود، عاطف مصدق، احمد شکیل بٹ، تصورعباس ، ارسلان قادر، عتیق ارشاد،شجیع احمد ،بلال قادر،شان ارشاد،حسن انور،خضر اختر اوراعجاز احمد شامل ہیں۔ہیڈ کوچ اولمپین فرحت خان،اسسٹنٹ کوچز ابو ذر امرا،سرور حسین اورشفقت شامل ہیں ۔قومی ٹیم نے اتوار کی صبح عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں آخری پریکٹس سیشن کیا جس میں کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس اور اسکلزڈیولپمنٹ پر کام کیا گیا ۔ہیڈ کوچ اولمپین فرحت خان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی تیاری اچھی ہے کوئی بڑے دعوے نہیں کررہے ہیں کوشش ہوگی کہ بنگلہ دیش میں جو ایشیاءکپ میں ٹیم نے پرفارم کیا تھا اس سے بہتر طور پر کھلاڑی پرفارم کریں۔آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں ہونے والے ایونٹ میں پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ بدھ کو میزبان آسٹریلیا کی مضبوط ٹیم کے خلاف کھیلے گااگلے روز گرین شرٹس کا مقابلہ جاپان سے شیڈول ہے جبکہ قومی ٹیم اپنا تیسرا اور آخری لیگ میچ گیارہ نومبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی، بارہ نومبر کو تیسری پوزیشن اور فائنل کھیلا جائے گا۔