لاہور قلندر نے انضمام الحق کی بطور ایڈوائزر خدمات حاصل کر لی
لاہور(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں بہترین نتائج حاصل کرنے کے لیے لاہور قلندر نے سابق کپتان اور موجودہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کی بطور ایڈوائزر خدمات حاصل کر لی ہیں۔ اس سلسلہ میں لاہور قلندر کے زیر اہتمام خصوصی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں لاہور قلندر کے چیف ایگزیکٹو فواد رانا، عاطف رانا، سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید اور جاز کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر فواد رانا کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے کہ لاہور قلندر کی زیر اہتمام ہونے والے اوپن ٹرائل میں منعقد ہونے والے چار کھلاڑیوں حارث روف، غلام ربانی، سلمان اور عثمان قادر کی پانچ ماہ تک آسٹریلیا میں ٹریننگ اور گریڈ کرکٹ میں حصہ لینگے جو ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ چئیرمین لاہور قلندرز فواد رانا کا کہنا تھا کہ ہم نے 2015 میں وعدہ کیا تھا کہ ہم پنجاب بھر سے باصلاحیت کھلاڑی تلاش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں لاہور قلندرز نے اپنا کردار ادا کیا ہے۔