ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے نے کاشتکاروں کو مشکل میں ڈال دیا
حیدرآباد(نامہ نگار) ایوان زراعت سندھ نے ڈیزل اورپیٹرول کی قیمت میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیااضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔ ایوان زراعت سندھ کا اجلاس مرکزی سینئر نائب صدر سید اعجاز نبی شاہ کی زیر صدارت وڈیو لنک کے ذریعے بیک وقت کراچی‘ حیدرآباد‘ سانگھڑ‘ سکھر اورگھوٹکی میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں میرامداد علی تالپور‘ محمد خان ساریجو‘ غلام حسین چاچڑ‘ پرویز نبی اوستو‘ میر سکندر علی تالپور‘ نواز علی سمیجو‘ سعید احمد سیٹھار‘ سید ذوالفقار علی شاہ‘ بابو شاہ‘ محمد مصری ملاح‘ سجاد علی کھوسو‘ ڈاکٹر پروفیسر بھائی خان سولنگی‘ محمد اسلم ترک اور دیگر کاشتکار شریک ہوئے۔ اجلاس میں شریک کاشتکاروں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو سخت پریشان کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث ٹیوب ویل چلانا سخت مشکل ہوگیا ہے اور اب ڈیزل کی قیمت میں ساڑھے 5 روپے فی لیٹر اضافہ کرکے کاشت کاروں کی مشکل میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ کاشتکاروں نے سندھ کے حصے کا پانی کم ہونے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت فی الفور پانی سندھ کی جانب بھیجے تاکہ فصلیں تباہ ہونے سے بچ سکیں۔علاوہ ازیں کاشت کاروں نے مطالبہ کیا کہ دھان کی قیمت1200 روپے فی من مقرر کی جائے۔
پسند کی شادی چاہتی ہوں
دھمکی کا نوٹس لیا جائے: مہناز
سکھر(نامہ نگار)مائیکرو کالونی کی دوشیزہ مہناز دختر رحمت شیخ نے وومن پولیس اسٹیشن پہنچ کر پولیس اور میڈیا کو بتایا کہ اس کے والدین رقوم کی لالچ میں اس کی شادی بوڑھے شخص کے ساتھ زبردستی کرانا چاہتے ہیں جبکہ میں اپنے ایک عزیز غلام نبی سے شادی کرنا چاہتی ہوں میں نے والدین کی مرضی کو تسلیم نہیںکیا تو انہوں نے مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی ہیں جس کی وجہ سے میں گھر سے فرار ہوکر یہاں وومن پولیس اسٹیشن پہنچی ہوں مجھے تحفظ فراہم کیا جائے۔
a