پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاج کی کال پر سندھ و بلوچستان میں بھی پیپلز پارٹی کی جانب سے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں
حیدرآباد‘ سکھر‘ ٹھٹھہ(نامہ نگاران) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک گیر احتجاج کی کال پر سندھ و بلوچستان میں بھی پیپلز پارٹی کی جانب سے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ڈسٹرکٹ کونسل حیدرآباد سے ریڈیو پاکستان تک احتجاجی مارچ کیا گیا۔ جس کی قیادت ضلعی صدر صغیر احمد قریشی‘ ڈویژنل جنرل سیکرٹری دوست علی جیسر‘ علی محمد سہتو اور احسان ابڑو نے کی۔ ریلی میں پاشا قاضی‘ رجب خاصخیلی ماما رند‘ شبیر پالاری‘صنم تالپور‘ اظہر سیال‘ شاہد اقبال سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ پیپلز پارٹی ضلع حیدرآباد کے صدر صغیر احمد قریشی اور دیگر رہنماﺅں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو وفاقی حکومت کا عوام دشمن فیصلہ اورعوام پر پیٹرول بم گرانے کے مترادف اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ملک دشمن عوام دشمن جماعت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا حالیہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔سکھر سے بیورو رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کی ذیلی تنظیموں کی جانب سے پریس کلب سکھر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اجتماعی مظاہرے میں لیڈیز ونگ کی شائستہ کھوسو‘ عذرا جمال‘ کاشف حسین قاضی‘ خادم بھٹو اور دیگر شامل تھے۔ اس طرح پیپلز پارٹی ورکرز سٹی سکھرکی جانب سے نیو پنڈ چوک پر نصیر گوپانگ امیر بخش گڈانی کی قیادت میں رکشہ پر علامتی جنازہ رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک میں مہنگائی میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔ سجاول سے نامہ نگار کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںاضافہ کے خلاف سجاول میں صوبائی وزیر محمد علی خان ملکانی اور صوبائی مشیر ریحانہ لغاری کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر پارٹی رہنماﺅں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے۔ٹھٹھہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر بجلی کی لوڈشیڈنگ اور پیٹرول او ر ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے کے خلاف پی پی ضلع کے صدر صادق علی میمن جنرل سیکرٹری امتیاز قریشی اطلاعات سیکرٹری سید محمود عالم شاہ کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر ریلی میں شریک افراد نے وفاقی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔سامارو سے نامہ نگار کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی ہدایت پر پی پی تعلقہ سامارو نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں اضافے اور گیس وبجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف سامارو پریس کلب کے سامنے پرامن احتجاج کیا گیا۔اس موقع پر سابق سٹی ناظم شکیل قائم خانی،سابق تعلقہ صدر حاجی اعجاز راہو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام پر پٹرولیم بم گرایا ہے جس سے روزمرہ کی اشیا کی قیمتوں میں اضافے سے عوام براہ راست متاثر ہوگی ۔اس موقع پر ڈاتر سینھڑو،جاوید قائم خانی،نظیربھرگڑی،شاہنواز کالرو،حاجی کانبھو خان چانڈیو ودیگر بھی موجود تھے۔ جوہی سے نامہ نگار کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے بلاول پارک جوہی سے احتجاجی جلوس نکالا۔ جلوس کی قیادت میونسپل چیرمین عبد المجید جمالی‘ سید احمد شاہ جیلانی‘ غلام حسین نقاد تہیم‘ اعجاز جمالی‘ شوکت راز رند اور فدا حسین کھوکھر کررہے تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میونسپل چیئرمین عبد المجید جمالی‘ سید احمد شاہ‘ غلام حسین نقاد تہیم‘ شوکت راز رند اور اعجاز جمالی سمیت دیگر پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں نے خطاب کیا۔میرپورخاص سے نامہ نگار کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پیپلز پارٹی کی جانب سے میرپورخاص میں بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں شمیم آراءپہنور‘ عبدالسلام میمن‘ شاہنواز مغل‘ میر علی رضا تالپور‘ نواب قریشی‘ حنیف میمن‘ حاجی نورحسن چانڈیو اسحاق ناریجو اور دیگر نے خطاب کیا۔کنری سے نامہ نگار کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پریس کلب عمرکوٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں ضلعی صدر اور جنرل سیکرٹری سمیت کئی عہدیداران نے شرکت کی۔ شرکاءنے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافے سے عوام سخت تشویش میں مبتلا ہیں۔ قیمتوں میں اضافے سے غریب عوام شدید متاثر ہونگے اور مہنگائی میں بے تحاشہ اضافہ ہوگا۔جھڈو سے نامہ نگار کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں اضافے کے خلاف پیپلز پارٹی تعلقہ جھڈو کے تحت احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے محمد عیسیٰ کمبہر‘ نیاز بھنبھرو‘ میر وسیم تالپور‘ قادر کمبہر اور بابو سہیل قائم خانی نے کہا کہ وفاقی حکومت بدترین رسوائی کی طرف گامزن ہے ا س کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھاکر عوامی غصہ کو دعوت دے رہی ہے۔ لاڑکانہ سے نامہ نگار کے مطابق پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنادیا گیا جس میں ضلعی رہنماﺅں سمیت کارکنوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی جنہوں نے وفاقی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ اس موقع پرضلعی صدر عبدالفتاح بھٹو‘ محمد معشوق جتوئی‘ خیر محمد شیخ‘ محمد علی بھگیو‘ نور الدین ابڑو اور دیگر کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھاکر عوام پر بم گرائے جارہے ہیں۔ نوشہروفیروز سے نامہ نگار کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے او ر بجلی ‘ گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر عبد الستار راجپر‘ ڈویژنل جنرل سیکرٹری ممتاز چانڈیو ضلع صدر ذوالفقار بہن‘ ضلع وائس چیئرمین پیر قربان علی سہروردی اور دیگر نے خطاب کیا۔ ٹنڈو آدم سے نام نگار کے مطابق پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حکم پر سندھ کے دیگر علاقوں میں احتجاج ریکارڈ کرائے گئے مگر ٹنڈوآدم میں احتجاج نہیں کیا گیاجس پر عوام نے حیرت کا اظہار ہے۔