آٹا 20 کلو کا تھیلا 50‘ چھوٹا 30 روپے مہنگا۔ میدہ اور سوجی کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ آٹا تھیلا کی قیمت مزید 30 روپے بڑھ سکتی ہے۔ فلور ملز۔ ایک ہفتے کے دوران سبزیوں اور انڈوں کی قیمتوں میں بھی مزید اضافہ جاری۔
پٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا جو طوفان اُمڈ آیا ہے‘ یہ اپنے ساتھ کہیں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو بھی بہا نہ لے جائے۔ اس وقت ملک میں گرانی اپنے عروج پر ہے۔ پٹر ولیم کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں اضافہ اور گندم کی امدادی قیمت کے نام پر فلور ملز نے بھی آٹے کی قیمت میں مزید اضافہ کر دیا ہے جو ناقابل برداشت ہے۔ آٹا کا 20 کلو کا تھیلا 50 روپے مہنگا ہونے سے 770 روپے اور 10 کلو والا 390 روپے کا ہو گیا ہے۔ اس طرح سوجی اور میدے کی بوری کی قیمت 100 روپے بڑھ گئی ہے۔ فلور ملز کے ترجمان کے مطابق بڑی گاڑیوں کے دن کے وقت لاہور میں داخلے پر پابندی کی وجہ سے چھوٹی گاڑیوں میں ترسیل کے سبب لاہور میں آٹے کی قیمت میں مزید 30 روپے تک اضافہ ہو سکتا ہے۔ مہنگائی کے اس طوفان سے لگتا ہے حکومت کی گڈ گورننس اور مہنگائی پر قابو پانے کے تمام دعوے ٹھس ثابت ہوئے ہیں اور اس کا نتیجہ اگلے سال کے الیکشن میں موجودہ حکمرانوں کیلئے خاصہ سبق آموز بھی نکل سکتا ہے۔ عوام اس وقت اشیائے خوردونوش کی مہنگائی کے ساتھ پٹرولیم‘ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ کے ہاتھوں تنگ آکر خودکشی پر مجبور ہیں۔ آئے روز ایسی نئی خبریں شائع بھی ہوتی ہیں مگر حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔ اگر یہی صورتحال جاری رہی تو اپوزیشن جماعتوں کو کچھ کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ مہنگائی سے تنگ آئے مشتعل عوام خود ہی سڑکوں پر نکل کر حکومت کا بوریا بستر گول کر دیں گے۔ حکومت کے حالیہ اقدامات غریب عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے کے مترادف ہیں جو وہ کبھی برداشت نہیں کریں گے۔ اگر حکومت نے فوری طورپر مہنگائی اور آئے روز قیمتوں میں اضافہ کے اس طوفان کے آگے بند باندھنے کی کوشش نہیں کی تو یہ طوفان سب کچھ خس و خاشاک کی طرح بہا لے جائے گا۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38