شہداد پور میں حادثات‘ 2 افراد جاں بحق‘ 7 زخمی
شہدادپور( نامہ نگار ) مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق جبکہ 7افرد شدید زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق شہدادپور کے ہالا روڈ پر باقر موری کے قریب تیز رفتار ڈاٹسن اور موٹر سائیکل میں ٹکر ہوگئی جس کی وجہ سے موٹر سائیکل سوار 16 سالہ لڑکا شیراز علی سولنگی شدید زخمی ہو گیا ۔ جسے تشویشناک حالت میں فوری طور پر سمس اسپتال لایا گیا لیکن اسپتال پہنچ کر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔واقعہ کے بعد ڈرائیور ڈاٹسن لے کر فرار ہو گیا ۔ ایک اور واقعہ میں شہدادپور کے سانگھڑ بس اسٹاپ پر اٹھٹھ موری کا رہائشی 70 سالہ بشیر احمد لغاری ولد بیگو لغاری گاڑی کے انتظار میں کھڑا تھا کہ اچانک بے ہوش ہو کر نیچے گر گیا جس پر بس اسٹاپ پر موجود لوگوں نے اسے فوری طور پر قریبی نجی اسپتال پہنچایا لیکن اس نے راستے میں ہی دم توڑ دیا ۔ ڈاکٹر کے مطابق اس کو دل کا دورہ پڑا تھا ۔ ایک اور واقعہ میں شہدادپور کے قریب گاﺅں ودادانی روڈ پر آمنے سامنے سے آنے والی دو موٹر سائیکلوں میںزوردار ٹکر ہو گئی جس کی وجہ سے 14 سالہ سکندر تھہیم اور 28 سالہ میر خان تھہیم شدید زخمی ہو گئے ۔ نوابشاہ روڈ پر لوندو شاخ کے پاس ایک تیز رفتار موٹر سائیکل روڈ کراس کرتے ہوئے ایک گائے سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے موٹر سائیکل سوار56 سالہ امیر محمد بروہی شدید زخمی ہو گیا ۔ شہدادپور کے علاقے ٹنڈوآدم چوک پر مویشی منڈی کے قریب آمنے سامنے سے آنے والی دو تیز رفتار چنگ چی کی ٹکر سے پولیس اہلکار ایوب پٹھان ، مولابخش خاصخیلی ، عبدالمجید منگنھار اور جمن مینگھواڑ شدید زخمی ہو گئے ۔