پی ایس ایل کا فائنل پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کا سبب بنا: جگنو محسن
لاہور( حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین نجم سیٹھی کی اہلیہ سینئر صحافی جگنو محسن کا کہنا ہے قذافی سٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کا فائنل ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی و بحالی کی بنیاد بنا ملک میں رواں سال ہونیوالی کرکٹ کی سرگرمیوں کی وجہ سے دنیا میں پاکستان کا امیج بہتر ہوا ہے۔ ہم دنیا سے جڑ رہے ہیں کرکٹ کی وجہ سے دنیا پرامن پاکستان دیکھ رہی ہے۔ یہ کامیابی مسلسل محنت سے ملی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں انٹرویو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو اپنے میدانوں پر کھیلتا دیکھنے میں کامیاب ہوئے۔ آج لوگ یہ تنقید کرتے ہیں کہ شٹ ڈاون کر دیا کرفیو لگا کر میچ کروانے کا کیا فائدہ ہے کیا یہ بات مناسب ہے کہ جو لوگ ماحول کو سدھار رہے ہیں بہتر بنا رہے ہیں ان پر تنقید کی جائے۔ ہمیں تنقید اس ماحول پر کرنی چاہیے جس وجہ سے ہم کرکٹ سے محروم ہوئے۔ لاہور کے بعد ملک کے دیگر شہروں میں کرکٹ میچوں کی امید ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے خرچے پر بیرون ملک نہیں جاتی۔ نجم سیٹھی پاکستان کرکٹ کو عروج پر لے جانے اور اسے اپنے پاوں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں۔ بورڈ کے معاملات میں کبھی مداخلت نہیں کی۔ پی سی بی کے افراد نے میرے ذریعے نجم سیٹھی کو سفارش کی ناکام کوشش کی۔ عمران خان کی پاکستان کرکٹ اور فلاحی کاموں میں بہت خدمات ہیں وہ سیاست کو بھی فلاحی کام سمجھ کر کرتے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں این اے 145 سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے سیاست میں آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیاستدان منتخب ہو کر صرف ذاتی کام کرتے ہیں اوکاڑہ میں ہیپا ٹائٹس کی صورتحال سنگین ہے لیکن منتخب نمائندوں کو کوئی فکر نہیں۔