ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میں ہماری ٹیم کا کمبی نیشن درست ہے جس میں تبدیلی کی فوری ضرورت نہیں ہے : چیف سلیکٹر انضمام الحق
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ فواد عالم کو نیوزی لینڈ کے خلاف دوزرہ کے لیے زیر غور نہیں لایا جا رہا ہے، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میں ہماری ٹیم کا کمبی نیشن درست ہے جس میں تبدیلی کی فوری ضرورت نہیں ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی اجازت سے سے لاہور قلندر کا ایڈوائزر بنا ہوں۔ لاہور قلندر بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام ہونے والی پاکستان سپر لیگ کا حصہ ہے لہذا کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔ لاہور قلندرز کا حصہ بننا میرے لئے فخر کی بات ہے۔ لاہور قلندرز کے رائزنگ سٹار جیسا پروگرام میں نے اپنے پورے کرکٹ کیرئر میں نہیں دیکھا۔ عاقب جاوید اور عاطف رانا نے جس طرح لاہور قلندرز کے لئے نوجوان کھلاڑیوں کی سلیکشن کا عمل مثالی ہے۔ کوشش ہوگی کہ لاہور قلندرز کے ساتھ کام کر کے کچھ سیکھ سکوں۔ لاہور قلندرز کی ٹیم سلیکشن میں میرا کوئی کردار نہیں ہوگا۔ لاہور قلندرز کا ڈائریکٹر بننے سے سلیکشن کے کام پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔ چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ دبئی میں ہونے والی ٹی 10 کرکٹ لیگ سے میرا یا میرے بھائی کا کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی ہم ٹی ٹین لیگ کے لئے کوئی ٹیم نہیں خرید رہے ہیں۔ ویسٹ انڈیز ٹیم کا دورہ پاکستان ابھی کنفرم نہیں ہوا ہے جیسے ہی فائنل ہوتا ہے تو ٹیم کے انتخاب کے بارے میں غور کیا جائے گا۔ فواد عالم کے بارے میں چیئرمین پی سی بی نے بھی کہا ہے ہم نے فواد عالم کو بلایا ہے، جہاں جس کھلاڑی کی ضرورت ہوگی اس کو موقع دیں گے۔