لاپتہ افراد کمیشن نے گزشتہ ماہ 27 افراد بازیاب کرائے، رپورٹ جاری
اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) وفاقی حکومت کی طرف سے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال کی سربراہی میں قائم انکوائری کمیشن نے اکتوبر2017کی رپورٹ جاری کر دی ۔کمیشن نے گزشتہ ماہ کے دوران مبینہ طور پر جبری گمشدگیوں کے 334کیسوں کی سماعت کرتے ہوئے 29کیس نمٹا دئیے 27فراد کو بازیاب کرایا گیاجبکہ گزشتہ ماہ کے دوران کمیشن کے پاس مبینہ طور پر جبری گمشدگی کے 83نئے کیس درج ہوئے جس سے زیر تفتیش کیسوں کی تعداد1440ہوگئی ہے ۔اتوار کوکمیشن کے سیکرٹری فرید احمد خان کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2017کے دوران جسٹس(ر)جاوید اقبال، جسٹس(ر)ڈاکٹر غوث محمد اور سابق آئی جی پولیس محمد شریف ورک پر مشتمل کمیشن نے مبینہ طورر پر زبردستی اٹھائے جانے والے ا فراد کے334کیسوں کی اسلام آباد اورکراچی میں سماعت کی،کمیشن کے سامنے پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے نمائندے پیش ہوئے ، اکتوبرمیں 334کیسوں کی تفصیلی سماعت کے دوران27لاپتہ افراد کا سراغ لگایاگیاجبکہ 2افراد کے کیس نامکمل کوائف پر بند کر دئیے گئے، جن افراد کا پتہ چلایا گیا ان میں اللہ دتو،محمد اشرف،عدیل رحمن، سلیم شہزاد،سید نسیم،محمد ارشاد،داود خان، عزیز الرحمان، وحیداللہ،عادل حمید، محمد رقیم اور عبد البصیر سمیت دیگر شامل ہیں، ان میں بعض بحالی مراکز میں ہیں، جن دو افراد کے کیس نامکمل کوائف پر بند کئے گئے ان میں شیخ عامر اور ساجد علی شامل ہیں ،اکتوبر میں کمیشن کے پاس لاپتہ افراد کے83نئے کیس درج کرائے گئے اس طرح اب کمیشن کے پاس لاپتہ افراد کی مجموعی تعداد 1440ہو گئی ہے ،رواں ماہ کے دوران کمیشن کے ارکان اسلام آباد ، لاہور ،کوئٹہ اور کراچی میں مبینہ جبری گمشدگیوں کے کیسوں کی سماعت کر رہے ہیں۔عوام کی سہولت کے لئے کمیشن نے www.coioed.pk کے نام سے ویب سائٹ بنا دی ہے جس پر کیسوں کی تفصیل اور سماعت کی تاریخوں سمیت دیگر معلومات دستیاب ہیں جبکہ سول سیکرٹریٹ پنجاب لاہور میں کمیشن کا باضابطہ طور پر سب آفس قائم کر دیا گیا ہے اس سب آفس کا رابطہ نمر042.99210884ہے۔
رپورٹ