نوازشریف کا بھرپور انداز میں عدالتی جنگ لڑنے کا فیصلہ
اسلام آباد (محمد نواز رضا + وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف نے آئندہ کا سیاسی و عدالتی لائحہ عمل تیارکرنے کیلئے آج شب 6 بجے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا مشاورتی اجلاس پنجاب ہاؤس میں طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں راجہ محمد ظفر الحق‘وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف‘ چودھری نثار علی خان‘ خواجہ آصف‘ احسن اقبال‘سردار مہتاب احمد خان‘امیر مقام‘ مشاہد اﷲ خان اوردیگر رہنماؤں کو مدعوکیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق میاں نوازشریف مشاورتی اجلاس میں مفاہمت یا جارحانہ طرز عمل میں سے کسی ایک کو اپنانے پر مشاورت کریںگے۔ نوازشریف کے قریبی ذرائع کے مطابق میاں نوازشریف نے بھرپور انداز میں عدالتی جنگ لڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وہ کسی صورت بھی عدالتی کارروائی سے اپنے آپ کو الگ کریں گے اور نہ یوہ ملک سے باہر جائیں گے۔ میاں نوازشریف کسی کے سامنے اپنے آپ کو سرنڈرکریں گے اور نہ ہی اپنے آپ کوکسی کے رحم وکرم پر چھوڑیں گے۔ میاں نوازشریف ’’پابند سلاسل‘‘ ہونے سے خوفزدہ نہیں انہوں نے اپنے خاندان کے قریبی افراد کو اعتماد میں لے لیا ہے کہ وہ عدالتی جنگ جیتیں یا ہاریں پاکستان میں رہ کر تمام مقدمات کا سامنا کریں گے اور کسی صورتحال بیرون ملک فرار نہیں ہونگے۔ میاں نوازشریف نے پارٹی کے اتحاد کے لئے ملک میں ہی رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عمران خان کے جلسوں کا جواب دینے کیلئے رابطہ عوام شروع کر رہے ہیں۔ سب سے پہلے 12نومبر 2017ء کو ایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب کریں گے۔ اس کے بعد وہ ملتان‘ فیصل آباد اور جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں میں جلسوں سے خطاب کریں گے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا آج کا اجلاس غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہے۔ آج کے اجلاس میں پارٹی کی سمت کا تعین کیا جائیگا۔
نوازشریف/ عدالتی جنگ