بھارت کیخلاف نیوزی لینڈ کی فتح،پاکستان دوسرے نمبر پر آگیا
دبئی(آئی این پی)ٹی ٹوئنٹی کی ٹاپ رینکنگ پر قبضہ جمانے والی قومی کرکٹ ٹیم کی خوشیاں ماند پڑ گئیں، نیوزی لینڈ نے بھارت کو ہرا کر دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔تفصیلات کے مطابق سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوینٹی سیریز میں شاندار کامیابی کے بعد پاکستان دوسرے نمبر پر براجمان ہو گیا تھا تاہم پاکستانیوں کو امید تھی کہ قومی ٹیم پہلی پوزیشن پر پہنچے گی تاہم یہ خواہش اس وقت پوری ہوئی جب بھارت نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں شکست دے دیدی اور نیوزی لینڈ کی ٹیم 3پوائنٹس کی کمی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئی اور پاکستان کی ٹیم 124پوائنٹس کے ساتھ پہلے پر براجمان ہو گئی تاہم پاکستانیوں کیلئے یہ خوشخبری زیادہ دیر کیلئے ٹھہر نہیں سکی۔دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 40رنز سے شکست دیدی ہے جس کے بعد وہ واپس اپنی پہلی پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔جبکہ بھارت کی ٹیم پانچویں پر ہے۔ویسٹ انڈیز تیسرے اور انگلینڈ چوتھے نمبر پر موجود ہے ، سرفہرست دونوں ٹیموں کے ایک سو چوبیس پوائنٹس برابر ہیں لیکن بلیک کیپس کو کم میچز میں زیادہ اچھی کارکردگی کا بونس ملا۔ سیریز کا فیصلہ کن معرکہ (کل)منگل کو کھیلا جائیگا ۔فیصلہ کن میچ بھارت نے اگر جیت لیا تو مہمان نیوزی لینڈ ٹاپ پوزیشن سے محروم ہو جائے گی۔