مہران ہائی وے تا بھینس کالونی سڑک فوری تعمیر کی جائے‘ حافظ نعیم
کراچی (نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مہران ہائی وے تا بھینس کالونی سڑک کی خستہ حالی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہران ہائی وے تا بھینس کالونی سڑک کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے‘ صنعتوں کو رواں دواں رکھنے اور زرمبادلہ کی فراہمی کی سرگرمیوں کو بلاروک ٹوک جاری رکھنے کیلئے سڑک کو فی الفور تعمیر کیا جائے‘ ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اور لانڈھی انڈسٹریل ایریا کی پیداواری سرگرمیاں ٹوٹی ہوئی اس سڑک کے باعث شدید متاثر ہو رہی ہیں‘ درآمد اور برآمد کنندگان کی تمام گاڑیاں اسی سڑک سے گزرتی ہیں جو گھنٹوں ٹریفک جام کی وجہ سے پھنسی رہتی ہیں‘ ہیوی ٹریفک روزانہ کسی نہ کسی حادثے کا شکار ہوتا ہے جس سے کئی انسانی جانوں کا ضیاع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ارباب اختیار کی بے حسی نے نہ صرف صنعتی سرگرمیوں کو برباد کیا ہے بلکہ زرمبادلہ کی فراہمی کو بھی نقصان پہنچایا ہے انہوں نے کہاکہ مہران ہائی وے پر ٹرانسپورٹرز اور گاڑیوں کا مستقل پڑائو بھی آمد و رفت کی سرگرمیوں میں رکاوٹ ہے۔